2025 تبدیلیوں کا پیش خیمہ ہوگا،گوگل سی ای او سندر پچائی کا پیام
واشنگٹن :پوری دنیا میں 2025 کا شاندار پیمانے پر استقبال کیا گیا اور لوگوں نے نئے سال کا جشن منانے کے ساتھ نئے منصوبے بھی تیار کئے ہیں۔ تاہم گوگل کے سی ای او سندر پچائی نے 2024 کے آخری دن ایک اہم پیغام کے ذریعے ملازمین کو خبردار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیا سال بہت سی اہم تبدیلیاں لے کر آئے گا۔ پچائی نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی تیز رفتار ترقی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس دور میں ہمیں اس کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے خود کو تیار کرنا ہوگا۔ بطور کمپنی ہمیں بھی ترقی کی رفتار کو مزید تیز کرنا ہوگا تاکہ آنے والے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔سندر پچائی نے کہا کہ بہت کچھ داؤ پر ہے اور اسے سمجھتے ہوئے ہمیں ایک کمپنی کے طور پر تیزی سے خود کو آگے بڑھانا ہوگا اور اے آئی کے حساب سے خود کو ڈھالنا اور تیار کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 2024 میں ایسے کئی مواقع آئے جب تکنیک کا اثر پڑا ہے۔ 2025 میں ہمیں بغیر تھکے کوشش کرنی ہوگی۔ اس تکنیک کے فائدے کو سمجھنا ہوگا اور اس کے مطابق ہی یوزر کے مسائل کو حل کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا خاص فوکس اگلے سال جیمنی (Gemini) ایپ ہوگا۔ ہم اس کے توسط سے لوگوں کو صحیح معلومات فراہم کریں گے اور جنریٹیو اے آئی کے ان کے تجربہ کو بہتر کریں گے۔ پچائی نے کہا کہ جیمنی کو لے کر ہمیں منصوبہ بنانا ہوگا اور اس پر فوکس کرنا ہوگا۔ انہوں نے ملازمین سے صاف طور پر کہا کہ اے آئٓی انڈسٹری میں کیسے ہم اپنے جیمنی ایپ کو قائم کر سکیں یہی ہماری ترجیح اس سال رہنی چاہیے۔غور طلب ہے کہ گوگل کافی وقت سے اپنے Gemini AI ماڈل اور اس سے جڑے ایپلی کیشن کو بہتر کرنے پر کام کر رہا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ گوگل پروڈکٹس کے ساتھ تقریباً 50 کروڑ یوزرس جیمنی اے آئی کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ یہی نہیں انہوں نے اس سمت میں ٹیم کو اور تیزی سے کام کرنے کے لیے کہا ہے۔ پچائی کا کہنا ہے کہ 2025 میں گوگل کا سب سے بڑا نشانہ نئے یوزرس کو جیمنی اے آئی کے ساتھ جوڑنا ہے۔اے آئی کا دنیا میں مقابلہ کافی تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ اوپن اے آئی کا چیٹ جی پی ٹی بھی سرچ انجن اسپیس میں آ رہا ہے۔ جس سے گوگل کی پریشانی بڑھنی طے ہے۔ Perplexity جیسا سرچ انجن بھی بازار میں اپنی پکڑ مضبوط کر رہا ہے۔ پچائی نے کہا کہ ایسے میں گوگل کو اپنے اے آئی انوویشن پر زیادہ فوکس کرنا ہوگا۔