نئے صدر پردیش کانگریس کے انتخاب کیلئے ہائی کمان کی سرگرمیاں

   

عنقریب تقرر کا امکان، مانکیم ٹیگور ہائی کمان کو امکانی نام پیش کریں گے
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں اسمبلی کے ضمنی انتخابات اور مجالس مقامی کے انتخابات کی تکمیل کے بعد کانگریس ہائی کمان نے پردیش کانگریس کے نئے صدر کے انتخاب پر توجہ مرکوز کی ہے۔ پارٹی کی ورکنگ کمیٹی کا اجلاس نئی دہلی میں منعقد ہوا تھا جس میں کورونا صورتحال کے پیش نظر اے آئی سی سی صدر کے انتخاب کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم ریاستوں کی سطح پر پارٹی یونٹس کو مستحکم کرنے کیلئے اقدامات کی تائید کی گئی۔ تلنگانہ میں ہائی کمان نے نئے صدر پردیش کانگریس کے بارے میں قائدین اور کارکنوں سے مشاورت کا عمل مکمل کرلیا ہے تاہم ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ تک نئے صدر کے انتخاب کو ٹالنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ پارٹی متحدہ طور پر ضمنی چناؤ کا مقابلہ کرے۔ سینئر لیڈر جانا ریڈی کی درخواست پر ہائی کمان نے ناگر جنا ساگر الیکشن تک نئے صدر کے انتخاب کو ملتوی کرنے سے اتفاق کیا۔ اب جبکہ ناگر جنا ساگر کے علاوہ مجالس مقامی کے انتخابات کا عمل مکمل ہوچکا ہے کانگریس قائدین ہائی کمان سے اپیل کررہے ہیں کہ اتم کمار ریڈی کے جانشین کا جلد از جلد اعلان کیا جائے تاکہ پارٹی میں نئی روح پھونکی جاسکے۔ ضمنی چناؤ اور مجالس مقامی میں کانگریس کا مظاہرہ مایوس کن رہا جس کے نتیجہ میں کیڈر مایوسی کا شکار ہے۔ 2023 اسمبلی انتخابات تک پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے عوامی سطح پر مقبول قائد کی ضرورت ہے۔ تلنگانہ کے اے آئی سی سی انچارج مانکیم ٹیگور نے کہا کہ ہائی کمان کو بعض ناموں کی سفارش کی جائے گی جن میں سے نئے صدر کا انتخاب کیا جائے گا۔ ریاست کے کئی قائدین نے پردیش کانگریس کی صدارت کیلئے اپنی دعویداری پیش کی ہے تاہم قائدین اور کارکنوں کی اکثریت ریونت ریڈی کے حق میں ہے جو ملکاجگیری کے رکن پارلیمنٹ ہیں اور موجودہ قائدین میں سب سے زیادہ مقبول عام تصور کئے جاتے ہیں۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، رکن اسمبلی سریدھر بابو ، رکن کونسل جیون ریڈی کے علاوہ رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے بھی صدارت کیلئے اپنی دعویداری پیش کی ہے۔ وی ہنمنت راؤ اور جگا ریڈی بھی صدارت کی دوڑ میں شامل ہیں۔ گریٹر حیدرآباد میں کانگریس کے 3 کارپوریٹرس ہیں اور تینوں کا تعلق ملکاجگیری لوک سبھا حلقہ سے ہے۔ حال ہی میں لنگو جی گوڑہ وارڈ میں ضمنی چناؤ ہوا تھا جس میں کانگریس نے بی جے پی سے یہ نشست چھین لی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پارٹی اعلیٰ کمان نئے صدر کے نام کے بارے میں بہت جلد فیصلہ کرے گا۔ ریونت ریڈی کے حامی مطمئن ہیں کہ پارٹی انہیں تلنگانہ میں صدارت کی ذمہ داری دے گی۔