نئی دہلی :لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے 18 مئی کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کر کے انھیں نئے پارلیمنٹ ہاؤس کے افتتاح کے لیے مدعو کیا ہے۔ یہ جانکاری لوک سبھا سکریٹریٹ نے دی ہے اور بتایا ہے کہ نئے پارلیمنٹ ہاؤس کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ ساتھ ہی مطلع کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم مودی 28 مئی کو نئے پارلیمنٹ ہاؤس کا افتتاح کریں گے۔غور طلب ہے کہ 28 مئی کو ہندوتوا نظریہ کے علمبردار اور آزادیٔ ہند کی متنازعہ شخصیت وی ڈی ساورکر کا یومِ پیدائش ہے۔ اس طرح 28 مئی کو نئے پارلیمنٹ ہاؤس کا افتتاح کرنے کے فیصلے کو لوک سبھا انتخاب 2024 سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔ یہ فیصلہ ہندو ووٹوں کو پولرائز کرنے کی کوشش قرار دی جا سکتی ہے۔ کچھ میڈیا رپورٹس میں تو یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ بی جے پی صدر جے پی نڈا نے ساورکر کی فیملی سے ملاقات کی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انھیں نئے پارلیمنٹ ہاؤس کی افتتاحی تقریب میں مرکزی حکومت کی طرف سے مدعو کیا جا سکتا ہے۔واضح رہے کہ نئے پارلیمنٹ ہاؤس کی عمارت ملک کے پاور سنٹر یعنی ’سنٹرل وِسٹا‘ کی تعمیر نو کا حصہ ہے۔ راشٹرپتی بھون سے انڈیا گیٹ تک تین کلومیٹر سڑک کی جدید کاری، ایک جنرل سنٹرل سکریٹری کی تعمیر، وزیر اعظم کا ایک نیا دفتر و رہائش، اور ایک نیا ڈپٹی پریسیڈنٹ انکلیو بھی مرکزی تعمیرات عامہ محکمہ کے اس پروجیکٹ کا حصہ ہیں۔