نئے پردیش کانگریس صدر کیلئے آر سی کنتیا سے ناموں کی فہرست طلب

   

مبصرین کی روانگی متوقع، ریونت ریڈی اور وینکٹ ریڈی کے ناموں پر زیادہ توجہ
حیدرآباد۔ 19 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان نے آندھراپردیش، کرناٹک اور دہلی کے پردیش کانگریس صدور کے انتخاب کے بعد تلنگانہ پر توجہ مرکوز کی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق پارٹی ہائی کمان نے جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا سے قائدین کی فہرست طلب کی ہے جو تلنگانہ میں پارٹی کی قیادت کرنے کے اہل ہیں۔ اس کے علاوہ ہائی کمان پارٹی مبصرین کے ذریعہ قائدین کے بارے میں معلومات حاصل کررہا ہے۔ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی شکست کے بعد سے ہی موجودہ صدر اتم کمار ریڈی عہدے پر کسی اور قائد کے انتخاب کے حق میں ہیں۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ ہائی کمان کو پیش کردیا ہے۔ تاہم مجالس مقامی اور دیگر انتخابات کے پیش نظر ہائی کمان نے نئے صدر کے انتخاب کو ٹال دیا تھا۔ اب جبکہ تلنگانہ میں انتخابات کا عمل مکمل ہوچکا ہے اور پارٹی کو متحد رکھنے کے لیے موزوں قیادت کی ضرورت ہے لہٰذا ہائی کمان نے جنرل سکریٹری انچارج سے رپورٹ طلب کی۔ بتایا جاتا ہے کہ بہت جلد پارٹی مبصرین کو روانہ کرے گی جو سینئر قائدین اور محاذی تنظیموں سے مشاورت کے بعد ہائی کمان کو رپورٹ پیش کریں گے۔ پردیش کانگریس کی صدارت کے لیے پارٹی میں کئی دعویدار ہیں اور حد تو یہ ہوگئی کہ قائدین دیگر دعویداروں کی کھل کر مخالفت کررہے ہیں۔ پارٹی کے سینئر قائدین کا ایک گروپ ریونت ریڈی اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے نام کی مخالفت کررہا ہے۔ پی سی سی صدارت کے دیگر دعویداروں میں پونالا لکشمیا، وی ہنمنت رائو، ڈاکٹر چناریڈی، ڈی سریدھر بابو، محمد علی شبیر، ایم ششی دھر ریڈی اور مدھو یاشکی گوڑ شامل ہیں۔ نئے صدر کے معاملے میں ہائی کمان نے بھلے ہی کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے، تاہم زیادہ تر رجحان ریونت ریڈی اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے حق میں دکھائی دے رہا ہے۔ اس کا اندازہ آج اس وقت ہوا جب نئی دہلی میں تلنگانہ یوتھ کانگریس کے نئے صدر کے انتخاب کے سلسلہ میں 28 یوتھ کانگریس قائدین سے انٹرویو کیا گیا۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے آرگنائزنگ سکریٹری کرشنا، یوتھ کانگریس کے صدر بی وی سرینواس اور یوتھ کانگریس تلنگانہ امور کے انچارج جے وی ماتھر نے قائدین کا انٹرویو لیا۔ یوتھ کانگریس کی صدارت کے لیے کون زیادہ اہلیت رکھتا ہے؟ عہدہ دیئے جانے پر کس طرح کام کریں گے؟ قائدین سے استفسار کیا گیا کہ اگر آپ کو موقع نہ ملے تو اس عہدے پر کسے موزوں سمجھتے ہیں؟ اس طرح کے مختلف سوالات کے علاوہ چونکا دینے والا سوال یہ تھا کہ پردیش کانگریس کے نئے صدر کی حیثیت سے کس کا نام تجویز کریں گے؟ بتایا جاتا ہے کہ ہائی کمان کے قائدین نے ریونت ریڈی اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے بارے میں زیادہ تر سوالات کئے۔ اس کے علاوہ 28 یوتھ کانگریس قائدین نے جن ناموں کی تجویز پیش کی ان میں ریونت ریڈی اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی سرفہرست تھے۔ ان دونوں کے علاوہ پونم پربھاکر، ڈی سریدھر بابو کے نام بھی پیش کئے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ پارٹی ہائی کمان کسی نوجوان کو قیادت کی ذمہ داری دینا چاہتی ہے تاکہ آئندہ 4 برسوں تک ٹی آر ایس حکومت کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے پارٹی کو مستحکم کیا جاسکے۔