حیدرآباد ۔ 17۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن 20 اور 21 ڈسمبر کو حیدرآباد کا دورہ کریں گے ۔ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ نائب صدر جمہوریہ کے دورہ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ چیف سکریٹری کے مطابق 20 ڈسمبر کو شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچنے کے بعد نائب صدر جمہوریہ سیدھے راموجی فلم سٹی روانہ ہوں گے۔ پبلک سرویس کمیشن کے صدورنشین کے قومی اجلاس کا صدر جمہوریہ افتتاح کریں گے ۔ وہاں سے لوک بھون پہنچیں گے اور وہیں شب بسری کریں گے ۔ 21 ڈسمبر کو شانتی ونم میں منعقدہ تقریب میں نائب صدر جمہوریہ شرکت کریں گے ۔ وہاں سے سیدھے شمس آباد ایرپورٹ پہنچیں گے اور نئی دہلی واپس ہوجائیں گے۔ چیف سکریٹری نے تمام محکمہ جات کو موثر انتظامات کی ہدایت دی ہے۔ واضح رہے کہ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو حیدرآباد میں ہیں اور نائب صدر جمہوریہ کے دو روزہ دورہ کے سبب عہدیداروں کو انتظامات کے سلسلہ میں مساعی کرنی ہوگی۔ چیف سکریٹری نے پولیس ، ٹریفک پروٹوکول اور دیگر محکمہ جات کو انتظامات کے سلسلہ میں ضروری ہدایات جاری کیں۔1
