نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو اردو کی خوبصورتی اور مٹھاس کے معترف

   

Ferty9 Clinic

صحافی جے ایس افتخار کی کتاب ’’جمس آف دکن‘‘ کی ستائش، مادری زبان اور مادر وطن سے محبت کی تلقین
حیدرآباد: 13 جولائی (سیاست نیوز) نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے اردو زبان کی خوبصورتی اور مٹھاس کا اعتراف کیا اور کہا کہ اردو زبان ایک عظیم ادبی ورثہ کی حامل ہے۔ میں خود اس زبان کی مٹھاس اور اس کی چاشنی سے بے حد متاثر ہوں۔ نائب صدر جمہوریہ نے سینئر صحافی اور سابق اسپیشل کرسپانڈنٹ انگریزی روزنامہ ’دی ہندو‘ جے ایس افتخار کی جانب سے تحریر کردہ کتاب ’’حیدرآباد کے نگینے‘‘ کو حاصل کرنے کے بعد ان خیالات کا اظہار کیا۔ جے ایس افتخار نے حیدرآباد کے اردو شاعروں اور ادیبوں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انگریزی میں ’’جمس آف دکن‘‘ کے عنوان سے کتاب شائع کی ہے۔ نائب صدر جمہوریہ نے امید ظاہر کی کہ انگریزی کی یہ کتاب نئی نسل کو بے حد فائدہ مند ثابت ہوگی۔ انہوں نے کتاب کے مصنف کی ستائش کی جنہوں نے حیدرآباد کی عظیم تہذیبی اور ثقافتی ورثے کو یکجا کرنے کی کوشش کی ہے۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ اردو زبان کی شیرینی خاص طور پر گیتوں اور نغموں میں اردو کی غیر معمولی جازبیت نے ہر کسی کو اس کا شیدائی بنادیا ہے۔ اردو ایک قدیم اور تاریخی زبان ہے اور اس کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں۔ ہر کسی کو اردو سیکھنا چاہئے کیوں کہ اردو کے ذریعہ ملک بھر میں بہتر طور پر اپنی بات پہنچائی جاسکتی ہے۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہر کسی کو اپنی ماں، مادری زبان اور مادر وطن سے محبت کرنی چاہئے۔ نائب صدر جمہوریہ نے نیلور کے کوسمور میں واقع درگاہ حضرت مستان ولی سے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔ وہ ابھی بھی وقتاً فوقتاً درگاہ کی زیارت کرتے ہیں اور ترقیاتی کاموں کے لیے فنڈس الاٹ کئے ہیں۔