چیف منسٹر کے سی آر کا فیصلہ، نئی دہلی میں ٹی آر ایس ارکان کی اپوزیشن امیدوار سے ملاقات
حیدرآباد ۔5 ۔اگست (سیاست نیوز) نائب صدر جمہوریہ کے الیکشن کے بارے میں میڈیا کی قیاس آرائیوں کو غلط ثابت کرتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اپوزیشن کی مشترکہ امیدوار مارگریٹ الوا کی تائید کا اعلان کیا ہے۔ ٹی آر ایس سربراہ کی حیثیت سے کے سی آر نے اپوزیشن امیدوار کی تائید کا فیصلہ کرتے ہوئے پارٹی ارکان پارلیمنٹ کو اس کی اطلاع دی گئی۔ کے سی آر نے پارٹی کے تمام 16 ارکان پارلیمنٹ کو ہدایت دی ہے کہ رائے دہی کے موقع پر مارگریٹ الوا کے حق میں ووٹ دیں۔ پارلیمانی پارٹی کے قائد ڈاکٹر کے کیشو راؤ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے چیف منسٹر کے فیصلہ سے واقف کرایا۔ واضح رہے کہ صدارتی انتخابات میں بھی ٹی آر ایس نے اپوزیشن کے امیدوار یشونت سنہا کی تائید کی تھی۔ نائب صدر جمہوریہ کے امیدوار کے انتخاب کے مسئلہ پر ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے اپوزیشن پران سے مشاورت کے بغیر ہی مارگریٹ الوا کے نام کے اعلان کی شکایت کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ترنمول کانگریس نائب صدر جمہوریہ کے انتخابات سے دور رہے گی۔ سیاسی حلقوں میں قیاس آرائیاں کی جارہی تھی کہ ٹی آر ایس بھی نائب صدر جمہوریہ کے الیکشن سے دور رہے گی ۔ ممتا بنرجی اور کے سی آر اس سلسلہ میں مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں گے ۔ کے سی آر نے آج مارگریٹ الوا کی تائید کا اعلان کرتے ہوئے قیاس آرائیوں کو غلط ثابت کردیا ۔ وہ قومی سطح پر بی جے پی کے متبادل کی تیاری کے لئے اپوزیشن کے ساتھ بہتر روابط برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ اسی دوران نئی دہلی میں ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ نے مارگریٹ آلوا سے ملاقات کی اور تائید سے متعلق پارٹی سربراہ کے سی آر کے فیصلہ سے واقف کرایا۔ مارگریٹ آلوا نے چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا۔ ر