نائب صدر جگدیپ دھنکر کا کل دورہ حیدرآباد

   

چیف سکریٹری شانتی کماری کا جائزہ اجلاس۔ انتظامات کو قطعیت دی
حیدرآباد 28 فروری (سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکر کے 2 مارچ کو دورہ حیدرآباد کے انتظامات پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تمام محکمہ جات سے بہتر تال میل کے ذریعہ نائب صدر جمہوریہ کے دورہ کے موقع پر بہترین انتظامات کئے جائیں ۔ شانتی کماری کے مطابق نائب صدر جمہوریہ حیدرآباد میں آمد پر آئی ٹی آئی حیدرآباد کا دورہ کریں گے اور فیکلٹی ، اسٹاف اور طلبہ سے بات کریں گے۔ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی حیدرآباد کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے ۔ جگدیپ دھنکر ایک خانگی پروگرام میں شرکت کے بعد نئی دہلی واپس ہونگے ۔ چیف سکریٹری نے پولیس کو بہتر سیکوریٹی انتظامات اور نائب صدر کے دورہ کے مقامات پر ٹریفک اور دیگر انتظامات کی ہدایت دی۔ محکمہ عمارات و شوارع کو ہدایت دی گئی کہ وہ انتظامات میں محکمہ پولیس سے اشتراک کریں ۔ محکمہ صحت کے علاوہ برقی اور دیگر محکمہ جات کو چیف سکریٹری نے ہدایات دیں۔ اسپیشل چیف سکریٹری ہوم روی گپتا ، اسپیشل چیف سکریٹری آر اینڈ بی وکاس راج، سکریٹری پولیٹیکل رگھو نندن راؤ ، کمشنر اطلاعات ڈاکٹر ہریش و حیدرآباد ، سنگا ریڈی کلکٹرس اور دیگر نے شرکت کی۔1