ریاست کی ترقی اور برقی شعبہ میں بہتری پر تبادلہ خیال،سابق ڈائرکٹر ریونیو ٹیکسیشن نے بھی ملاقات کی
حیدرآباد۔/3 ستمبر، ( سیاست نیوز) نائب صدر نشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار سے آج ٹی ویویک سابق رکن تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن و ریٹائرڈ ڈائرکٹر ریونیو ٹیکسیس اور اسمعیل علی خان سابق صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ الیکٹریسٹی ریگولیٹری کمیشن اور سابق مشیر پلاننگ کمیشن آف انڈیا نئی دہلی نے ملاقات کی اور ریاست کو درپیش مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ملک اور ریاست کے موجودہ مالیاتی موقف اور مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتا رامن کی جانب سے کئے گئے اعلانات پر تبادلہ خیال کیا۔ تلنگانہ میں معاشی سرگرمیوں کو تیز تر کرنے کیلئے مختلف تجاویز زیر غور رہیں۔ بات چیت میں تجویز پیش کی گئی کہ مرکز نے ریٹیل سیکٹر میں ایف ڈی آئی انوسٹمنٹ میں جن رعایتوں کا اعلان کیا ہے تلنگانہ کو اس سے استفادہ کرنا چاہیئے۔ تلنگانہ کو چھوٹی اور اوسط درجہ کی صنعتوں کے قیام پر توجہ دینی چاہیئے جس کے ذریعہ کم سرمایہ کاری پر روزگار کے بہتر مواقع فراہم کئے جاسکتے ہیں۔ ٹی ویویک نے کہا کہ تلنگانہ میں ماحولیات اور وسائل کے اعتبار سے سرمایہ کاری کے بہتر مواقع موجود ہیں اور حکومت کو چاہیئے کہ وہ بہتر انداز میں اس کی تشہیر کرے۔ اسمعیل علی خان نے تلنگانہ ریاست کی ترقی بالخصوص برقی شعبہ میں ترقی پر بات چیت کی۔ اسمعیل علی خان کو سابق پلاننگ کمیشن نئی دہلی میں کارکردگی کا 23 سالہ تجربہ ہے اور انہوں نے برقی شعبہ کی پالیسی اور کارکردگی بہتر بنانے کے سلسلہ میں مختلف تجاویز پیش کیں۔
