نائیٹ کرفیو کے پیش نظر میٹرو ریل کے اوقات کار میں بھی تخفیف ، شام 7.45 بجے آخری ٹرین

   

حیدرآباد۔ ریاست میں رات کے کرفیو کے نفاذ کے فیصلہ کے بعد حیدرآباد میٹرو ریل نے بھی اپنی خدمات کے اوقات کار میں تخفیف کا فیصلہ کیا ہے۔منیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو ریل مسٹر این وی ایس ریڈی نے بتایا کہ شہر میں میٹرو ریل خدمات کے اوقات کو 30اپریل تک کیلئے کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور تمام میٹروریل اسٹیشنوں سے رات 7:45کو آخری میٹرو روانہ ہوگی جو کہ 8:45 کو اپنی مطلوبہ منزل تک پہنچ جائیگی ۔ مسٹر ریڈی نے بتایاکہ حیدرآباد میٹرو ریل کی صبح خدمات کے اوقات میں کوئی تبدیلی نہیں ہے بلکہ وہ حسب معمول 6:30 بجے شروع کی جائے گی ۔انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میٹرو ریل میں ماسک کے لزوم کے علاوہ فاصلہ کی برقراری کے علاوہ کنٹاکٹ لیس ٹکٹ کی اجرائی کے اقدامات کو یقینی بنانے اور تمام ریلوے اسٹیشن کو صاف ستھرا رکھنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میٹرو اپنے مسافرین کو محفوظ سفر کی فراہمی کیلئے ممکنہ اقداما ت کر رہی ہے اور کورنا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے اقدامات کے علاوہ شعور بیداری مہم میں تعاون کیا جا رہاہے۔