تین ہفتہ بعد شوہر کو شک و شبہات ،شکایت پر پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 20 جون (سیاست نیوز) ناجائز تعلقات میں رکاوٹ بننے والے بیٹے کا قتل کرنے والی ڈائن صفت خاتون کو پولیس کیسرا نے حراست میں لے لیا ہے۔ بچے کی موت کے تقریباً تین ہفتہ بعد شوہر کی شکایت پر پولیس نے کارروائی کو انجام دیا حالانکہ خاتون نے تین ہفتہ قبل ہی فوت اپنے بچے کی موت کو عام موت قرار دیا تھا اور شوہر کو یقین دلانے میں کامیاب ہوگئی تھی۔ تاہم گزشتہ چند روز سے بیوی کے رویہ میں تبدیلی اور بیٹے کے غم سے جلد بحالی نے شوہر کو شک میں ڈال دیا اور شوہر کی شکایت پر پولیس نے تحقیقات کے دوران ساری حقیقت کو آشکار کردیا۔ ذرائع کے مطابق جیوتی اور اس کا شوہر سوامی اپنے دو بچوں کے ساتھ ووڈن کالونی چیریال کیسرا حدود میں زندگی بسر کررہے تھے۔ سوامی پیشہ سے کیاب ڈرائیور ہے۔ ان کے دو بچے بڑی لڑکی اور 2 سالہ لڑکا تھا۔ سوامی کے کام پر جانے کے بعد جیوتی اپنے عاشق نوین کے ساتھ رنگریلیاں مناتی تھی۔ گزشتہ ماہ کے اواخر میں نوین جب جیوتی کے ساتھ سوامی کے مکان میں موجود تھا، تب اس کا 2 سا لہ مقتول لڑکا بہت زیادہ رو رہا تھا۔ اس بچے کے رونے اور ستانے کے سبب جیوتی کو نوین کے ساتھ ملاقات اور بات چیت میں دشواری ہورہی تھی اور اس ڈائن صفت ماں نے بچے کو شدید مارپیٹ کا نشانہ بنایا جس سے وہ تاب نہ لاکر فوت ہوگیا۔ جیوتی نے شوہر سوامی کو یہ بتایا تھا کہ بچہ بستر سے گر کر زخمی ہوگیا تھا۔ بچے کی آبائی مقام پر آخری رسومات کو انجام دیا گیا۔ چند روز قبل سوامی کو شک ہوا اور اس نے کالونی کے کیمروں کی جانچ کے بعد مسئلہ کو پولیس سے رجوع کردیا۔ پولیس نے جیوتی کو حراست میں لے لیا اور اس کے عاشق نوین کی تلاش کی جارہی ہے۔ع