ناجائز تعلقات کے دوران پولیس پارٹی پرحملہ کرنے والا انسپکٹر پولیس معطل

   

حیدرآباد ۔ 26 نومبر (سیاست نیوز) ناجائز تعلقات میں ملوث پولیس پر حملہ کرنے والے پولیس انسپکٹر کو معطل کردیا گیا ہے۔ محکمہ کو داغدار بنانے والے اس انسپکٹر پولیس راجو کو معطل کرتے ہوئے کمشنر پولیس نے احکامات جاری کردیئے جو خاتون کے ساتھ ناجائز تعلقات میں ملوث تھا اور رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا تھا۔ 4 نومبر کو یہ واقعہ پیش آیا تھا۔ راجو ساوتھ زون پولیس کنٹرول روم میں خدمات انجام دے رہا تھا اور اس کا تبادلہ سی سی ایس کردیا گیا تھا۔ تاہم منگوڑ ضمنی انتخابات میں ڈیوٹی انجام دینے کے بعد گھر واپس ہونے والے راجو نے فوری اپنی معشوقہ سے رابطہ کیا تو اس کی بیوی نے رنگے ہاتھوں پکڑا تھا اور پولیس کو اطلاع دی تھی۔ ڈیوٹی سے گھر واپس ہونے والا راجو فوری گھر سے ڈیوٹی کے بہانے نکلا اور اس کی بیوی نے شوہر کی حرکتوں پر شبہ کرتے ہوئے اس کا تعاقب کیا جو ایک سنسان مقام پر کار میں معشوقہ کے ساتھ رنگ رلیاں منارہا تھا۔ انسپکٹر کی بیوی نے راجو کو اجنبی خاتون کے ساتھ پکڑ لیا اور ہنگامہ شروع کردیا۔ اسی دوران مقام واقعہ پہنچنے والے پولیس کانسٹیبل پر راجو نے اپنے عہدہ کا رعب جماتے ہوئے ان پر حملہ کردیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے پولیس کی ایک ٹیم مقام واقعہ پہنچی اور راجو کو حراست میں لے لیا تھا بعدازاں راجو کو عدالتی تحویل میں دے دیا گیا تھا جس کو خدمات سے معطل کرتے ہوئے پولیس کمشنر احکامات جاری کردیئے۔ راجو سال 2002ء بیاچ سے وابستہ عہدیدار بتایا گیا ہے۔ع