نارائن مورتی ووٹ ڈالنے کیلئے ہندوستان واپس لوٹے

   

بنگلور: انفوسس کے شریک بانی نارائن مورتی اور ان کی اہلیہ سدھا مورتی نے آج صبح جے نگر کے پولنگ بوتھ پر کرناٹک اسمبلی انتخابات میں اپنا ووٹ ڈالا۔ووٹنگ کیلئے تحریک کا نمونہ پیش کرتے ہوئے آج صبح وہ غیر ملکی سفر سے ہندوستان لوٹے اور ووٹ ڈالنے کے لیے پولنگ بوتھ پہنچے ۔ نارائن مورتی نے اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد نامہ نگاروں سے کہا، یہ ہر شہری کا فرض ہے کہ وہ اس ذمہ داری کو بڑی احتیاط اور گہری سوچ کے ساتھ ادا کرے ۔ میں بہت شکر گزار ہوں کہ مجھے یہ موقع ملا۔ میں آج صبح ہی بیرون ملک سے واپس آیا ہوں اور مجھے بہت خوشی ہے کہ مجھے ووٹ ڈالنے کا یہ موقع ملا”۔ مورتی کو امید ہے کہ اس انتخاب کے ذریعے ، بنگلور دیگر چیزوں کے ساتھ ساتھ رہائش اور حصول تعلیم کیلئے دنیا کے بہترین مقامات میں سے ایک کے طور پر ابھرے گا۔انہوں نے کہا، “مجھے امید ہے کہ یہ جگہ میرے پوتے پوتیوں کے رہنے ، کریئر بنانے ، اپنی اعلی تعلیم حاصل کرنے اور معاشرے کی قدر بڑھانے کے لیے دنیا کی بہترین جگہوں میں شمار ہوگی۔