نارائن پیٹ ضلع کے کرناٹک سرحدی چیک پوسٹ پر پولیس چوکس

   

نارائن پیٹ۔/24 مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ صلع کی سرحد واقع جلال پور میں حکومت تلنگانہ کی جانب سے قائم چیک پوسٹ پر ضلع پولیس کرناٹک سے ہر آنے والی گاڑیوں اور پیدل راہروؤں کو روک کر تفتیش کے بعد روانہ کررہی ہے۔ ساتھ ہی میڈیکل عملہ بھی مستعدی کے ساتھ ضروری ٹسٹ کے بعد ہی مسافروں کو چھوڑ رہا ہے ۔ مشکوک و مشتبہ افراد کو ضلع ہاسپٹل میں واقع کورونا یونٹ میں تفصیلی معائنہ کے بعد گھروں کو جانے کی اجازت دی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ نارائن پیٹ ضلع سے متصل کرناٹک کا ضلع یادگیر واقع ہے۔ اطلاعات کے مطابق کرناٹک کے یادگیر مستقر اور گرمٹکال میں کورونا وائرس کے پھیلاو کی خبریں گشت کررہی ہیں چنانچہ نارائن پیٹ ضلع پولیس اس سرحدی چوکی پر تعینات پولیس اور میڈیکل عملے کو چوکس کردیا ہے۔ ضلع ایس پی نارائن پیٹ محترمہ ڈاکٹر ایم چیتنا وقفہ وقفہ سے اس چوکی کا دورہ کرتے ہوئے صورتحال سے باخبر ہوتی رہتی ہیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے مقامی ضلعی پولیس عہدیداروں کو بھی چوکس رہنے کی ہدایت کی ہے۔ نارائن پیٹ ضلع کورونا وائرس سے تاحال محفوظ اور گرین زون میں شامل ہے۔