نارائن پیٹ عیدگاہ کیلئے 2.5 کروڑ روپئے کی منظوری

   

توسیع و تعمیری کاموں کا کلکٹر نے معائنہ کیا‘ رمضان سے قبل کاموں کو مکمل کرنے کی ہدایت

نارائن پیٹ۔ 2؍مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ ضلع کلکٹر نارائن پیٹ کویا سری ہرشا آئی اے ایس نے آج ایڈیشنل کلکٹر میانک متل، کمشنر بلدیہ شریمتی سنیتا، اے ای مسٹر مہیش کے ساتھ نارائن پیٹ مستقر پر واقع قدیم عیدگاہ میں جاری توسیع و تعمیری کاموں کا معائنہ کیا۔ انھوں نے عیدگاہ کے کمپاؤنڈ کی دیوار اور دیگر کاموں کو ماقبل رمضان مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ واضح رہے کہ ریاستی حکومت نے رکن اسمبلی نارائن پیٹ ایس راجندر ریڈی کی کامیاب نمائندگی پر عیدگاہ کی توسیع و تعمیر کے لئے 2.5 کروڑ روپئے کی گراں قدر رقمی منظوری دی ہے جس سے تعمیری کاموں کا عاجلانہ آغاز عمل میں آیا ہے۔ عیدگاہ میں توسیع کے بعد 20 ہزار مصلیان سے زائد نماز کی ادائیگی کی گنجائش فراہم ہوگی۔ قبل ازیں اس عیدگاہ میں جو تنگ دامنی کا شکوہ کررہا تھا۔ صرف 10 ہزار مسلمانوں کی عید کی نماز کی گنجائش تھی۔ تاہم اس کی وسیع پیمانے پر عیدگاہ کو چوڑا کرتے ہوئے کافی گنجائش پیدا کی گئی ہے۔ مستقر کے علاوہ اطراف و اکناف مواضعات سے ہزار مسلمان عید کی نماز کی ادائیگی کے لئے اس عیدگاہ کو آتے ہیں۔