نارائن پیٹ میں ایک کروڑ مالیت کے نقلی بیج ضبط

   

نارائن پیٹ ۔ 27 جنوری ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نقلی بیج کی فروخت کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ڈاکٹر ونیت( آئی پی ایس) نے ایک کروڑ روپے مالیت کے 10 ٹن جعلی ایچ ٹی کپاس کے بیج ضبط کرنے کے بعد منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈی ایس پی این لنگیا،نا رائن پیٹ اور کوسگی کے سی آئیز، شیواشنکر، سیدولو کے علاوہ زرعی عہدیدارجان سدھاکر موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 25 جنوری کی شام نارائن پیٹ منڈل کے بند گونڈہ گاؤں اور کوٹھاپلی منڈل کے بھونیڈ گاؤں میں ضلع پولیس، ٹاسک فورس اسپیشل پولیس ٹیم اور محکمہ زراعت نے مشترکہ طور پر منعقدہ چھاپوں میں، 10 ٹن (100 کوئنٹل) جعلی ایچ ٹی کپاس کے بیج اور تقریباً 1 کروڑ روپئے مالیت کے سیڈ پوز برآمد کیا۔ ساتھ ہی وی بالکرشنا نائیڈواور ششی وردھن نائیڈو، رہائشی بھونیڈگاؤں، کوٹھا پلی منڈل، نارائن پیٹ ضلع کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔اس سلسلہ میں کل ایک معاملہ نارائن پیٹ دیہی پولیس اسٹیشن میں اور دوسرا معاملہ مدور پولس اسٹیشن میں دو کیس درج کئے گئے ہیں،تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ ملزمین جعلی ایچ ٹی کپاس کے بیجوں کو غیر قانونی طور پر منتقل کر رہے تھے اور نارائن پیٹ ضلع کے کسانوں کو اونچی قیمت پر فروخت کر کے بھاری منافع کما رہے تھے۔اس کے علاوہ تفتیش میں یہ انکشاف ہوا کہ ملزم وی بالکرشنا نائیڈو اس سے قبل مدور، ناروا اور دولت آباد تھانوں کی حدود میں اسی طرح کے کیسس میں ملوث پایا گیا ہے۔ اس موقع پر ضلع کے ایس پی ڈاکٹر ونیت آئی پی ایس نے نارائن پیٹ اور کوسگی کے سی آئیز، شیواشنکر، سیدولو، نارائن پیٹ رورل اور مدور کے ایس آئیز وجے کمار، راموڈو، ٹاسک فورس کے ایس آئی پرشوتم، خصوصی پولیس ٹیم اور محکمہ زراعت کے افسران کو اس کیس کو کامیابی سے حل کرنے پر مبارکباد دی، جنہوں نے ڈی ایس پی این لنگیا کی نگرانی میں مؤثر طریقے سے کام کیا۔