نارائن پیٹ میں زیر تعمیر سائنس پارک کا معائنہ

   

پارک کو طلبہ کیلئے کارآمد بنانے کے اقدامات کرنے عہدیداروں کو کلکٹر کی ہدایت

نارائن پیٹ۔ نارائن پیٹ ضلع کلکٹر شریمتی ہری چندنا ( آئی اے ایس ) نے آج نارائن پیٹ میں واقع زیر تعمیر سائنس پارک کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ بچوں کے لئے پلے آلات، سائنس آلات کے متعلق معلومات حاصل کریں۔ انہوں نے عہدیداروں کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ سائنس پارک کے تعمیری کاموں کو جلد از جلد مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ پارک کو عوام بالخصوص طلبہ کیلئے دلچسپ اور کارآمد بنانے کیلئے وقتاً فوقتاً کاموں کا جائزہ لیتے رہیں اور اس کی رپورٹ ضلع کلکٹر کو فراہم کریں۔ بعد ازاں انہوں نے نارائن پیٹ کرناٹک سرحدی چیک پوسٹ کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیک پوسٹ پر مسلح رہیں اور پوری نگرانی قائم رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کرناٹک سے کسی بھی حالت میں دھان ہمارے ضلع کے دھان خریداری مراکز تک پہنچے۔ دوسری ریاستوں سے آنے والی گاڑیوں کی اچھی طرح تلاشی لیں اور یہ معلوم کریں کہ وہ کہاں سے آرہی ہیں اور کہاں جارہی ہیں اور ان گاڑیوں کے نمبرات رجسٹر میں نوٹ کرنے کا پورا اہتمام کریں۔ اس موقع پر ضلع اگریکلچر آفیسر جان سدھاکر، میونسپل کمشنر سرینواسن، آر ڈی او چیرلہ سرینواس اور پولیس کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔