نارائن پیٹ۔ 15 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ منڈل کے مواضعات میں شیر کی موجودگی سے دہشت کا ماحول ہے۔ گزشتہ دو دن قبل موضع بومن پہاڑ میں کسی نامعلوم جنگلی درندے نے بچھڑے کو اپنا شکار بنایا۔ نارائن پیٹ منڈل کے جنگلاتی اور پہاڑی علاقوں میں چند روز سے شیر کے گھومنے، اور جنگلی جانوروں اور پرندوں کو اپنا شکار بنانے کی بھی اطلاعات گشت کررہی ہیں۔ گزشتہ ہفتہ۔ دو مور مردہ حالت میں اور ایک زخمی حالت میں دستیاب ہوا۔ مبینہ طور پر کسی درندے نے ہی اس قومی پرندہ حملہ کیا ہے۔ موضع بومن پہاڑ کے عوام نے محکمہ پولیس کو اس کی اطلاع دی لیکن تاحال محکمہ جنگلات کے کسی عہدہ دار نے اس موضع کا دورہ نہیں کیا۔ موضع کے عوام نے سیاست نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نامعلوم درندے کی نقل و حرکت کی وجہ سے گاؤں کے عوام میں دہشت کا ماحول ہے۔ آئے دن اس کے حملے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے ضلع کلکٹر سے اپیل کی فوری مداخلت کرتے ہوئے اس مصیبت سے عوام کو چھٹکارہ دلوائیں۔