تعلیمی مسائل کی یکسوئی اور سہولتوں کی فراہمی کا مطالبہ، حکومت پر شدید تنقید
نارائن پیٹ۔/28 اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پی ڈی ایس یو طلباء تنظیم کی جانب سے طلباء کے تعلیمی مسائل کی یکسوئی کا مطالبہ کرتے ہوئے ریالی کا اہتمام کیا گیا جس میں سینکڑوں طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔ یہ ریالی بعد ازاں ضلع کلکٹریٹ کے روبرو دھرنا دینے کیلئے جارہی تھی کہ پولیس نے انہیں دفتر بلدیہ کے قریب روک دیا۔ احتجاجی طلباء وہیں پر راستہ روکو پروگرام منظم کیا۔ اس دھرنے میں ریاستی نائب صدر مسٹر راما کرشنا،ضلع سکریٹری پی ڈی ایس یو مسٹر سائی کمار نے شرکت کی۔ ان قائدین نے اس موقع پر ریاستی حکومت پر طلباء کے ساتھ ناانصافی اور ان کے ساتھ جارحانہ رویہ اختیار کرنے کا الزام عائدکیا۔ مسٹر راما کرشنا ریاستی نائب صدر نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں1250 کروڑ روپئے طلباء کی اسکالر شپ تاحال ریلیز ( جاری ) نہیں کی گئی۔ گاؤں کے طلباء و طالبات کو آر ٹی سی بسوں سے قریبی شہروں اور گاؤں کے اسکولوں کو جانے کیلئے خاطر خواہ بس سرویس کا انتظام نہیں کیا جارہا ہے۔ گورنمنٹ جونیر کالج طلباء کیلئے دوپہر کے کھانے کا انتظام نہیں کیا گیا۔ انتخابات کے وقت جو وعدے کئے گئے تھے حکومت نے انہیں برفدان کی نذر کردیا۔ ان قائدین نے انتباہ دیا کہ طلباء کے ساتھ حکومت کا اس طرح کا رویہ رہا تو ریاست گیر سطح پر پی ڈی ایس یو احتجاجی پروگرام منظم کرے گی۔
