نارائن پیٹ۔/15 جنوری،( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ ضلع سادھنا سمیتی کی جانب سے نارائن پیٹ کو ضلع بنانے کے لئے کی گئی جدوجہد میں وطن سے سات سمندر پار رہ کر بھی زرین مشوروں سے سادھنا سمیتی کو نوازنے والے ڈاکٹر محمد قطب الدین ماہر نفسیات شکاگو امریکہ ( متوطن نارائن پیٹ ) کی نارائن پیٹ آمد پر ان کا شایان شان استقبال کرتے ہوئے انہیں زبردست تہنیت پیش کی گئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد قطب الدین نے شرکاء اجلاس اور ضلع سادھنا سمیتی کے ارکان و ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نارائن پیٹ کے ضلع بنائے جانے کے بعد بھی ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ ابھی ضلع سادھنا سمیتی کا کام ختم نہیں ہوا ہے۔ نارائن پیٹ ضلع کی ہمہ جہتی ترقی اور اس کو ماڈل ضلع بنانے کیلئے ہمیں دباؤ برقرار رکھنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب بڑی قربانیوں کے بعد ہی آتا ہے۔ انہوں نے نارائن پیٹ کو ضلع بنانے کے لئے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے سی آر اور رکن اسمبلی نارائن پیٹ مسٹر ایس راجندر ریڈی سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے اہلیان نارائن پیٹ کی ضلع بنانے کیلئے کی گئی مسلسل جدوجہد کو سلام کرتے ہوئے نارائن پیٹ کے عوام کو مبارکباد دی۔ اس اجلاس کی ڈاکٹر منوہر گوڑ کنوینر ضلع سادھنا سمیتی نے صدارت کی جبکہ مسرز صراف کرشنا، رتنگا پانڈو ریڈی، سدرشن ریڈی، نندو ناموجی، چندر کانت، سدرشن ریڈی، صراف ناگراج، امیر الدین ایڈوکیٹ، مجاہد صدیقی، عبدالسلیم ایڈوکیٹ، غلام محی الدین چاند، گنشام داس درک، احمد خان، جوتیر ناتھ، ہری نارائن بھٹاڈ، ناگیندر، صراف اوم پرکاش، راگھویر یادو و دیگر نے مخاطب کیا۔ جناب ارشد فیصل نے کارروائی چلائی۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد قطب الدین کی زبردست گلپوشی و شال پوشی کی گئی۔ جناب ظہیر صوفی کے شکریہ پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔