نارائن پیٹ کی ہینڈلوم ساڑیاں ملک بھر میں مشہور

   

Ferty9 Clinic

یوم بافندوں کے موقع پر موٹر سائیکل ریالی ، جلسہ عام کا انعقاد ، ضلع کلکٹر ہری چندنا کا خطاب

نارائن پیٹ ۔ نارائن پیٹ کی ہینڈلوم ساڑیاں ملک بھر میں مشہور ہیں ۔ ہینڈلوم صنعت کی بقاء و ترقی کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے نارائن پیٹ میں ٹکسٹائل پارک کے قیام کی منظوری عمل میں لائی گئی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ضلع کلکٹر نارائن پیٹ شریمتی ہری چندنا ، آئی اے ایس نے یوم بافندگان کے موقع پر نارائن پیٹ کے آر ڈی او کانفرنس ہال میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ضلع کلکٹر نے یوم بافندگان کے موقع پر نارائن پیٹ کے امبیڈکر چوراہا سے بافندوں کی تنظیم کے زیر اہتمام موٹر سائیکل ریالی کو جھنڈی دکھاکر آغاز کیا ۔ اس ریالی میں خواتین نے نارائن پیٹ کی سوتی ساڑیاں پہنے موٹر سائیکل چلاتے ہوئے شہر کے مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے ویرساورکر چوک سے ہوتی ہوئی آر ڈی او آفس جہاں پر یہ ریالی ایک جلسہ عام میں تبدیل ہوگئی ۔ اس جلسہ میں مہمانان خصوصی کے طور پر ضلع کلکٹر شریمتی ہری چندنا نے شرکت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ نارائن پیٹ ضلع میں بافندوں کی متعدد تعداد موجود ہے اور ان کا پیشہ بافندگی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی و مرکزی حکومت بافندوں کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف اسکیمات روبہ عمل لایا ہے ۔ جس سے استفادہ کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں ضلع سرسلہ کے بعد نارائن پیٹ میں وہ ضلع جہاں ہینڈلوم صنعت سے کئی لوگ وابستہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نارائن پیٹ میں ریاستی حکومت 10 کروڑ کی لاگت سے ایک پروڈکشن سنٹر ، مارکیٹنگ کی سہولت اور ٹریننگ سنٹر کیلئے منظوری دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بافندگان اپنے طور پر اس صنعت کے چھوٹے پیمانے پر آغاز کرکے حکومت کی جانب سے دی جانے والی قرض اسکیم سے فائدہ ا ٹھاسکتے ہیں ۔ اس موقع پر سرندھی ہینڈلوم سوسائٹی کی جانب سے بافندوں کو اپنے طور پر لومز قائم کرنے کیلئے مالیہ اور جگہ فراہم کرے گی ۔ بافندوں کو مارکیٹنگ کیلئے ڈی آر ڈی او آن لائین کے ذریعہ اپنی مصنوعات کو فروخت کرنے کی سہولت فراہم کرے گی ۔ تاکہ معیاری ساڑیوں کی فروخت اور تیاری کیلئے متعلقہ حکام وقتاً فوقتاً رہنمائی کرسکے ۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ٹیسکو کی جانب سے ٹریننگ دی جارہی ہے اور ٹریننگ حاصل کرنے والی کو یومیہ دو سو روپیہ اسٹائفنڈ کے طور پر بھی دئے جارہے ہیں ۔ اس موقع پر اڈیشنل کلکٹر نارائن پیٹ مسٹر چندرا ریڈی ، ڈسٹرکٹ ہینڈلوم آفیسرز مسٹر گوپال ، لیاقت علی ، ضلع ہینڈلوم جولی ڈیولپمنٹ آفیسر مسٹر چندر شیکھر صدرنشین بلدیہ شریمتی گندے انسویا کے علاوہ بافندگان و دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔