اسلام آباد ۔ 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) افغان صدر اشرف غنی دو روزہ دورہ پر پاکستان پہنچے جہاں وہ پاکستان کے ساتھ دورخی تعلقات کو معمول پر لانے اور جنگ زدہ ملک (افغانستان) میں قیام امن کی کوششوں کو فروغ دینے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ ایرپورٹ پر اشرف غنی کا استقبال 21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا جبکہ ان کا خیرمقدم کرنے کیلئے پاکستان کے مشیر برائے کامرس عبدالرزاق داؤد اور دیگر اعلیٰ سطحی عہدیدار بھی موجود تھے۔ یاد رہیکہ اشرف غنی کا یہ تیسرا دورہ پاکستان ہے۔ اس موقع پر پاکستان کے دفترخارجہ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہیکہ صدر اشرف غنی کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان آیا ہے جن میں وزراء، مشیران، سینئر عہدیدار اور تاجرین شامل ہیں۔
