نارسنگی میں فائرنگ ، خاتون زخمی، علاقہ میں دہشت

   

آرمی فائرنگ رینج سے مس فائر ہونے کا پولیس کو شبہ
حیدرآباد : /30 جولائی (سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ نارسنگی میں پھر ایک بار بندوق کی گولی سے دہشت پیدا ہوگئی ۔ لیکن اس مرتبہ ایک خاتون زخمی ہوگئی جس کے پیر کو چھوکر گولی نکل گئی ۔ گندم گوڑہ علاقہ میں پیش آئے اس واقعہ سے علاقہ میں دہشت پیدا ہوگئی ۔ تاہم پولیس نارسنگی نے اطلاع کے فوری بعد گندم گوڑہ علاقہ پہنچکر ضابطہ کی کارروائی انجام دی اور گولی کو ضبط کرلیا ۔ خاتون کو فور ی طور پر مقامی گولکنڈہ ایریا ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں طبی علاج کے بعد خاتون گھر واپس لوٹ گئی اس خاتون کے پیر میں معمولی زخم ہوا ۔ بتایا جاتا ہے کہ گندم گوڑہ علاقہ میں پدما نامی خاتون معمول کے مطابق مکان میں کپڑے دھورہی تھی ۔ خاتون نے میڈیا کو بتایا کہ اس نے ایک زور دار آواز سنی اور اس کو کسی چیز سے مار لگنے کا احساس ہوا ۔ اس نے جب اپنے پیر کو دیکھا تو خون نکل رہا تھا اور گولی تھوڑی دور پر پڑی ہوئی تھی ۔ آواز سننے کے بعد خاتون نے محسوس کیا کہ کوئی گیٹ پر پتھر مارکر فرار ہوگیا ۔ تاہم جب اس نے گولی دیکھی تو فوری ڈائیل 100 پر اطلاع دی گئی ۔ پولیس سمجھتی ہے کہ یہ گولی آرمی فائرنگ رینج سے مس فائر ہوکر علاقہ میں گھس گئی ۔ پولیس نے قطعی طور پر گولی کے متعلق کوئی خلاصہ نہیں کیا اور گولی کے تعلق سے تحقیقات کررہی ہے ۔ ع