ناظرین کے بغیر کھیلنے میں پریشانی نہیں ہونی چاہئے :نیشام

   

Ferty9 Clinic

ویلنگٹن۔18 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر جمی نیشام کا خیال ہے کہ کھلاڑیوں کو ناظرین کے بغیر کھیلنے میں کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہئے ۔کورونا وائرس کے خطرے کی وجہ سے دنیا بھر میں کھیل سرگرمیاں ٹھپ پڑی ہوئی ہیں اور اسے شائقین کے بغیر شروع کرنے پر بحث جاری ہے ۔اس دوران نیشام نے کہا ہے کہ کرکٹ نہ ہونے سے مختلف کرکٹ بورڈز کو نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور ایسے میں اگر ناظرین کے بغیر میچ کرائے جا سکتے ہیں تو اس سے کھلاڑیوں کو پریشانی نہیں ہونی چاہیے ۔کورونا کی وجہ سے کرکٹ سرگرمیاں ٹھپ ہونے سے پہلے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ناظرین کے بغیر ونڈے مقابلہ کھیلا گیا تھا اور نیشام بھی اس میچ کا حصہ تھے ۔نیشام نے کرک انفو کے ویڈیوکاسٹ میں کہا کہ تمام پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے لیکن اگر ایسی صورت حال پیدا ہوتی ہے کہ ناظرین کے بغیر میچ کروائے جا سکتے ہیں تو کھلاڑی ہونے کے ناطے ہمیں اسے تسلیم کرنا ہوگا۔