حضرت بریدہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ محسن انسانیت ﷺ نے حضرت علی کرم اﷲ وجہہ کونصیحت کرتے ہوئے فرما یا’’اے علی رضی اللہ عنہ (اگرکسی نامحرم پر تمہاری نظر پڑ جائے تو) دوبارہ نظر نہ کرو، تمہارے لئے (بلاارادہ) پہلی نظر توجائز ہے مگردوسری نظر جائز نہیں‘‘ چنانچہ اچانک نظر پڑ جانے کے بارے میںدریافت کیاگیاتومحسن انسانیت ﷺ نے فرمایا’’اُدھرسے اپنی نگاہ پھیر لو‘‘۔
حضرت ابو امامہ رضی اللہ عنہ نے روایت کیاہے کہ محسن انسانیت ﷺ نے فرمایا’’جس مرد مومن کی کسی عورت کے حسن و جمال پر نظر پڑجائے پھر وہ اپنی نگاہ نیچی کر لے تو اﷲ تعالی اس کو ایسی عبادت نصیب فرمائے گا جس کی لذت و حلاوت اس مرد مومن کو محسوس ہو گی‘‘۔
امیرالمومنین حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ محسن انسانیت ﷺ نے فرمایا ’’ایسا ہرگزنہیں ہو سکتا کہ کوئی (نامحرم) آدمی کسی عورت سے تنہائی میں ملے اور وہاں تیسرا شیطان موجود نہ ہو‘‘۔
ایک موقع پر حضرت عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں محسن انسانیت ﷺ نے فرمایا ’’تم (نامحرم) عورتوں کے پاس جانے سے بچو (اور اس معاملے میں بہت احتیاط کرو)‘‘۔ حضرت جابر بیان کرتے ہیں کہ محسن انسانیت ﷺ نے نصیحت کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ ’’تم ان عورتوں کے گھروں میں مت جایا کروجن کے شوہر باہر گئے ہوئے ہوں کیونکہ شیطان انسان کی رگوں میں خون کی طرح دوڑتا ہے‘‘۔