نامزد عہدوں پر تقررات کی تیاریاںچکرا پانی چیف انفارمیشن کمشنر متوقع

   

حیدرآباد۔/8 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے اہم سرکاری اداروں کے نامزد عہدوں پر تقررات کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ انفارمیشن کمشنرس، پبلک سرویس کمیشن، ریاستی انسانی حقوق کمیشن اور ایس سی، ایس ٹی کمیشن میں تقررات کیلئے حکومت کی سطح پر سرگرمیوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ انفارمیشن کمشنرس اور تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی رکنیت کیلئے حکومت کے پاس کئی دعویدار ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق سابق صدرنشین پبلک سرویس کمیشن جی چکراپانی کو چیف انفارمیشن کمشنر مقرر کئے جانے کا امکان ہے۔ حکومت نے عدالت کے احکامات کی تکمیل کرتے ہوئے حال ہی میں انفارمیشن کمشنرس کے تقررات کا اعلامیہ جاری کرتے ہوئے درخواستیں طلب کی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈاکٹر جی چکرا پانی کے بے داغ ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر انہیں چیف انفارمیشن کمشنر کے عہدہ پر تقرر کے حامی ہیں۔ علحدہ تلنگانہ تحریک میں چکراپانی نے کے سی آر کے ساتھ اہم رول ادا کیا تھا۔ انہیں تلنگانہ کے پہلے پبلک سرویس کمیشن کا صدرنشین ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ حال ہی میں پبلک سرویس کمیشن کے پرچہ جات کے افشاء کے بعد چیف منسٹر نے انہیں مشاورت کیلئے طلب کیا تھا۔