سوال: یہ بات مشہور ہے کہ جب کبھی نبی اکرم ﷺ کا اسم مبارک ذکر کیا جائے تو درود شریف پڑھنا چاہئے اور نہ پڑھنے والا بخیل ہے۔ لیکن آپ سے دریافت کرنا یہ ہے کہ بسا اوقات ایک ہی شعر میں بار بار سرکار دو عالم ﷺ کا نام مبارک آتا ہے۔ ایک ہی محفل میں کئی مرتبہ آقا علیہ السلام کا نام آتا ہے کیا ہر دفعہ درود شریف پڑھنا ہوگا یا اس کے علحدہ احکامات ہیں ؟
جواب : امام طحاوی رحمتہ اللہ علیہ نے نبی کریم ﷺکے اسم مبارک کے سننے پر درود پڑھنے کو واجب قرار دیا ۔ دیگر فقہاء نے ایک مرتبہ درود پر اکتفاء کرنا جائز بتایا ہے اور قنیہ میں مذکور ہے کہ فتوی دوسرے قول پر ہے یعنی ایک مجلس میں متعدد مرتبہ نام مبارک سنے تو ایک مرتبہ درود پر اکتفاء کرنا مفتی بہ قول ہے۔ تاہم ابوالحسنات علامہ محمد عبدالحی لکہنوی نے نفع المفتی والسائل صفحہ ۱۰۲ میں قنیہ میں مذکور مفتی بہ قول نقل کرنے کے بعد فرماتے ہیں: المفتی بہ والا صح ھوالاول لورود احادیث کثیرۃ دالۃ علی ذلک ۔ یعنی مفتی بہ اور صحیح ترین قول یہی ہے کہ جب بھی نام مبارک سنا جائے درود پڑھا جائے۔ ایک مجلس میں متعدد مرتبہ پڑھا جائے تو درود بھی متعدد مرتبہ پڑھا جائے کیونکہ بہت سی احادیث شریفہ اس پر دلالت کرتی ہیں۔ فقط واللہ أعلم