موجودہ کارپوریٹرس کی کارکردگی سے عوام مایوس ، شیخ عبداللہ سہیل کا بیان
حیدرآباد۔ بلدی انتخابات میں شہر کے اسمبلی حلقہ جات نامپلی اور جوبلی ہلز میں کانگریس کو عوام کی غیر معمولی تائید حاصل ہوئی ہے۔ انتخابی مہم کے آخری ایام میں پارٹی امیدواروں نے اپنے حلقہ جات میں گھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں سے ملاقات کی اور فرقہ پرستی کے ایجنڈہ کے بجائے ترقی کا وعدہ کیا جس پر عوام نے کانگریس کی تائید کا فیصلہ کیا ہے۔ صدرنشین کانگریس میناریٹی ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل نے دعویٰ کیا ہے کہ نامپلی اور جوبلی ہلز میں کانگریس کو 5 بلدی ڈیویژنس میں کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں اسمبلی حلقہ جات کے عوامی نمائندوں نے ترقیاتی سرگرمیوں کو نظرانداز کرتے ہوئے عوام کو مسائل کے درمیان چھوڑ دیا۔ موجودہ کارپوریٹرس کی کارکردگی مایوس کن رہی جس کے نتیجہ میں رائے دہندے تبدیلی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس، بی جے پی اور مجلس خفیہ سمجھوتہ کے تحت ایک دوسرے پر تنقید کا ڈرامہ کررہے ہیں جبکہ ان تینوں جماعتوں کا ایک ہی ایجنڈہ ہے اور وہ کانگریس کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ عوامی نمائندوں کی مایوس کارکردگی کے نتیجہ میں عوام کانگریس کی طرف راغب ہورہے ہیں کیونکہ کانگریس نے بلدی انتخابات کیلئے ترقی پر مبنی منشور جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے علاوہ کمزور طبقات میں کانگریس کے حق میں لہر واضح طور پر دیکھی گئی۔ کانگریس کے سینئر قائدین اتم کمار ریڈی، ریونت ریڈی، فیروزخاں، انجن کمار یادو، وشنو وردھن ریڈی اور دوسروں نے انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے پارٹی امیدواروں کے حوصلوں کو بلند کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کے نمائندے منتخب ہونے کے بعد اپنے حلقوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دیں گے۔ ان دونوں اسمبلی حلقہ جات میں سلم علاقے بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں اور حلقہ کے بیشتر علاقوں میں ناقص سڑکیں اور صحت و صفائی کے انتظامات کی کمی سے عوام میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔