نامپلی ایریا ہاسپٹل میں دو شیرخوار بچیوں کی تبدیلی!

   

حیدرآباد۔ نامپلی ایریا ہاسپٹل میں دو شیر خوار بچیوں کی تبدیلی کی شکایت پر پولیس حبیب نگر نے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ انسپکٹر حبیب نگر شیو کمار کے مطابق عبدالغفور کو ایک لڑکی تولد ہوئی تھی اور اس نے اپنی بہن پروین بیگم کے ہمراہ وہاں کے وارڈ بوائے ملیش کے ساتھ طبی معائنہ کیلئے اپنی بچی کو دواخانہ کی پہلی منزل پر روانہ کیا تھا۔ طبی معائنہ کے بعد بچی کو پروین بیگم کے حوالہ کردیا گیا تھا۔ کچھ دیر بعدپروین بیگم نے یہ الزام عائد کیا کہ ان کے بھائی عبدالغفور کی بچی تبدیل ہوگئی ہے۔ طبی معائنہ کے وقت عبدالباسط نامی شخص کی شیر خوار بچی کا بھی طبی معائنہ ہورہا تھا۔ الزام عائد کیا جارہا ہے کہ عبدالباسط کی بچی کو عبدالغفور کے حوالے کیا گیا ہے۔ پولیس حبیب نگر نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔