نامپلی ریلوے اسٹیشن کو تعمیر نو کے نام پر منہدم کرنے کا خطرہ

   

حیدرآباد۔ 23 فروری (سیاست نیوز) شہر کے مشہور سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کے مرکزی ٹرمائنس کو انہدام کرنے کے بعد اب نامپلی اسٹیشن کے تاریخی عمارت کو بھی انہدام کرنے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے کے حکام نے تعمیر نو کے کاموں کے ایک حصہ کے طو پر سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کے گلابی رنگ کے مرکزی حصہ کو منہدم کرلیا گیا۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے کے عہدیداروں نے کہا کہ فی الحال نامپلی ریلوے اسٹیشن کو منہدم کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ یہ ڈھانچہ 1910 کے قریب بنایا گیا تھا مبینہ طور پر محفوظ یادگاروں کی فہرست میں نہیں ہے۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے نے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کی مرکزی ٹرمینل عمارت کو اپنے 720 کروڑ روپے کے تعمیر نو کے منصوبے کے حصہ کے طور پر منہدم کردیا۔ جدید کاری کے کوششوں کے ایک حصہ کے طور پر 108 میٹر پر محیط دو منزلہ اسکائی کنکورس تعمیر کیا جائے گا۔ پہلی مسافروں کی نقل و حرکت کے لئے ہوگی جبکہ دوسری سطح چھت کے پلازے کے طور پر کام کرے گی۔ سکندرآباد اسٹیشن کی تعمیر نو میں اسکائی کنکورس، ملٹی لیول اور زیر زمین پارکنگ، ٹریولیٹر، لفٹس اور اریکلیشرز شامل ہوں گے۔ جدید ڈیزائن میں ریٹیل آؤٹ لیٹس، کیفیٹیریاز اور تفریحی علاقوں کے لئے مخصوص جگہ بھی شامل ہوں گی جس سے مسافروں کے مجموعی تجربے میں اضافہ ہوگا۔ نئے بنائے گئے اسٹیشن کو اگلے سال کے آواخر تک مکمل طور پر فعال کردیا جائے گا۔ (ش)