نامپلی سرائے کو منہدم نہیں کیا جائے گا : جی ایچ ایم سی

   

حیدرآباد ۔ 11 ڈسمبر (سیاست نیوز) ہیرٹیج جہدکاروں کو ایک بڑی راحت میں، گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) نے وضاحت کی کہ نامپلی سرائے کی ہیرٹیج عمارت کو اس کے احاطہ میں خاتون مسافرین کیلئے ٹرانزٹ ڈارمس کی تعمیر کیلئے منہدم نہیں کیا جائے گا۔ بلدی نظم و نسق اور شہری ترقی کے اسپیشل چیف سکریٹری اروند کمار نے بھی ٹوئیٹر کے ذریعہ اس کا اشارہ کیا ہے۔ ایک بیان میں ایگزیکیٹیو انجینئر (سنٹرل زون)، جی ایچ ایم سی نے کہا کہ نئی آر سی سی بلڈنگ 1,587 مربع میٹر کی خالی زمین کو استعمال کرتے ہوئے تعمیر کی جائے گی اور ہیرٹیج عمارت کو چھیڑا نہیں جائے گا اور اصول و قواعد کے مطابق نئی تعمیر کیلئے ہیرٹیج عمارت سے ایک 10 میٹر کے فاصلہ کو بھی برقرار رکھا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تجویز کو جی ایچ ایم سی کی بلڈنگ کمیٹی نے 2 جون 2021ء کو منظور کیا اور جی ایچ ایم سی کی اسٹانڈنگ کمیٹی نے جنرل باڈی میں اس کی سفارش کی۔