نامپلی علاقہ کے فرنیچر گودام میں مہیب آتشزدگی

   

حیدرآباد۔ 28 اگست (سیاست نیوز) فرنیچر گودام میں آگ لگنے کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ ملے پلی کے سیتارام باغ علاقہ میں یہ حادثہ پیش آیا جہاں ایک فرنیچر کے گودام میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے علاقہ میں دھوئیں کے بادل چھا گئے۔ مقامی عوام نے اس آگ کو دیکھ کر فوری پولیس اور آتش فرو عملہ کو اطلاع دی۔ اس دوران علاقہ میں افراتفری پھیل گئی۔ فائر بریگیڈ عملہ نے مقام حادثہ پہنچ کر بڑی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا ۔ آگ لگنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا بلکہ فرنیچر گودام مکمل طور پر خاکستر ہوگیا جس سے کافی مالی نقصان ہوا۔ پولیس آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ چلا رہی ہے۔ یاد رہے کہ چند روز قبل کلثوم پورہ کے علاقہ میں اسطرح کا ایک واقعہ پیش آیا تھا جس میں باپ اور بیٹی ہلاک ہوئے تھے۔ آبادیوں میں تجارتی سرگرمیاں انسانی جانوں کیلئے خطرناک ثابت ہو رہے ہیں اور سیتا رام باغ علاقہ کی سڑکیں کافی تنگ ہیں جس سے فائر انجن کو پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ع