ناندیڑ، دیگلور میں انتخابی مہم ختم‘ 20 نومبر کو رائے دہی

   

منشیات کی فروخت پر پابندی، پولیس کا معقول بندوبست، ریٹرننگ آفیسر کا اعلامیہ
دیگلور۔ 17؍نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ حلقہ لوک سبھا ناندیڑ کیلئے ضمنی انتخاب اور مہاراشٹرااسمبلی کی 288 نشستوں کے لیے 20 نومبر 2024 کو منعقد ہونے والے عوامی انتخابات کی تشہیری مہم 17 نومبر کی شام چھ بجے سے روک دی گئی ہے۔ چنانچہ 20 نومبر کو انتخابات منعقد ہو رہے ہیں اس لیے 48 گھنٹہ پہلے تشہیری مہم بند کر دی گئی ہے۔ اس دوران تمام منشیات، شراب کی فروختگی پر سختی کے ساتھ پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ابھیجیت راؤت (آئی اے ایس) کے مطابق اس درمیان کوئی انتخابی جلسہ وجلوس منعقد نہیں کیے جا سکتے،لاؤڈ اسپیکر پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اسی طرح سے پانچ سے زائد اشخاص ایک جگہ جمع نہیں ہو سکتے ہر گلی کوچہ وارڈ اور دیہاتوں میں اس بابت پولیس کامعقول بندوبست و پٹرولنگ ہو رہی ہے۔ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افیسر نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے بتلایا کہ سوشیل میڈیا، ایس ایم ایس،الیکٹرانک میڈیا پر بھی کوئی بیان بازی یا اشتہار بازی نہیں کی جا سکتی ہے۔ البتہ پرنٹ اخبارات میں اشتہارات جاری کیے جا سکتے ہیں حلقہ لوک سبھا ناندیڑ میں [ 9 لاکھ 78ہز234 مرد اور نو لاکھ 30 ہزار 158 خواتین اور154 زنخے] اس طرح سے جملہ 19 لاکھ8 ہزار546 رائے دہندگان 20 نومبر کو اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ رائے دہی کے اوقات کار صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک ہوں گے حلقہ اسمبلی دیگلور میں رائے دہندگان کی تعداد 3 لاکھ 12 ہزار 237 ہے۔ اس لحاظ سے حلقہ لوک سبھا ناندیڑ کے لیے جملہ 388 پولنگ بوتھس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ حلقہ اسمبلی دیگلور میں منڈل رام تیرتھ حساس علاقہ قرار دیا گیا ہے جہاں پر نیم فوجی دستے تعینات کیے گئے ہیں-اس انتخابی مہم کے لیے 21 ہزار ملازمین تعینات کیے گئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس ناندیڑ کے بموجب تمام شہری مقامات پر اور دیہاتوں میں پولیس کا معقول بندوبست کیا گیا ہے ان کی مدد کے لیے نیم فوجی دستے بھی تعینات کیے گئے ہیں 20 نومبر کو تمام ضلع ناندیڑ اور تعلقہ جات میں اور دیگلور۔بلولی اور کنڈلواڑی کے تمام ہفتے واری بازار بند رہیں گے اس لحاظ سے 20 نومبر کو عوامی تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔خانگی بزنس سنترس،دوکانات ،تمام ہوٹل ریسٹورنٹ پر اطلاق نہیں ہوگا البتہ انکے مالکان اپنے ملازمین کو حق رائے دہی استعمال کے لیے دو گھنٹے کی چھٹی دیں گے کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔ اسی طرح سے تمام دواخانے نرسنگ ہومز،میڈیکل اسٹورس ،ایمبولنس سرویس،دودھ کی گاڑیاں، پانی کے ٹینکرس، محکمہ برقی سربراہی کے ملازمین کی گاڑیوں کوروانگی کی اجازت دی گئی ہے۔