ناندیڑ 6 اگست(حیدرعلی) منگل کی صبح ایک افسوسناک واقعہ میں ناندیڑ کے دیگلورناکہ علاقہ کے پانچ کے منجملہ چار نوجوان جھری کے تالاب میں غرقاب ہوگئے۔ فوت چاروں نوجوان 12ویں جماعت کے طالب علم تھے۔گوداوری لائف گارڈ فورس نے لاشوں کوپانی سے باہر نکالا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایس آرٹی یونیورسٹی سے قریب واقع جھری دیہات میں موسم برسات میں چھوٹا بہتاہے اور اس کے باعث یہاں تالاب بن چکاہے نوجوانوں کی بڑی تعداد یہاں تفریح کیلئے آتی ہے۔ دیگلورناکہ کے رہائشی پانچ دوست شیخ فضیل ، مزمل قاضی، عفان، سید صدیق اور محمد فیضان جن کی عمریں 18سے21سال کے درمیان ہے سیروتفریح کیلئے منگل کی صبح یہاں پہنچے۔ تصویر کشی کے بعدپانچوں دوست پیراکی کیلئے تالاب میں اْترے لیکن پیراکی نہ آنے کی وجہ سے یہ چاروں غرقاب ہوگئے جبکہ محمدفیضان جسے پیراکی آتی تھی وہ جان بچانے میں کامیاب ہوگیا۔اس کے بعد محمدفیضان نے دوستوں کے رشتہ داروں کو اطلاع دی۔ اطلاع کے بعد سون کھیڑ پولیس یہاں پہنچی۔ محکمہ فائربریگیڈ اور گوداوری لائف گارڈ جوانوں نے ان نعشوں کو باہر نکالا۔