ناپ تول میں دھاندلیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے میں عہدیدار ناکام

,

   

محکمہ اوزان و پیمانہ جات عہدیداروں کی تاجرین سے ساز باز ، عوام کی شکایت کو نظر انداز کردینے کے الزام
حیدرآباد ۔ 16 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ بالخصوص شہر حیدرآباد میں ناپ تول کے معاملہ میں کی جانے والی بے قاعدگیوں کے واقعات پر قابو پانے اور انسدادی اقدامات کرنے میں ریاستی محکمہ اوزان و پیمانہ جات اور اس کے عہدیدار ناکام ثابت ہورہے ہیں کیوں کہ ناپ تول کے معاملہ میں عہدیداروں کو واقف کروانے کے باوجود عوام سے موصول ہونے والی شکایات کو نظر انداز کردینے کے عوام کی جانب سے الزامات عائد کئے جارہے ہیں اور بتایا جاتا ہے کہ بعض اوقات ناپ تول میں کی جانے والی بے قاعدگیوں کے واقعات کا انسداد کرنے محکمہ اوزان و پیمانہ جات اپنے فرض کی تکمیل کے لیے دوچار مقامات پر دھاوے کر کے بڑے پیمانے پر ان واقعات کی تشہیر کروا کر اعلیٰ عہدیداروں کی نظروں میں عہدیداران متعلقہ اپنے آپ کو انتہائی فعال و کارکرد ہونے کو ثابت کر دکھا لینے کی کوششوں میں مصروف دکھائی دیتے ہیں جب کہ پٹرول بنکس ، اجناس مارکٹوں ، ترکاری مارکٹوں ، راشن دوکانوں ، جویلری شاپس ، سوپر مارکٹس وغیرہ میں ناپ تول سے متعلق متعدد بے قاعدگیوں کی شکایات پائی جاتی ہیں ۔ اسی دوران بتایا جاتا ہے کہ ناپ تول میں بے قاعدگیوں کی شکایات پر عہدیداران محکمہ اوزان و پیمانہ جات کی جانب سے متعدد مقامات پر دھاوے کر کے بے قاعدگیوں میں ملوث پائے جانے والے افراد کے خلاف کیسیس بھی درج کئے گئے اور بہت جلد بڑے پیمانے پر مذکورہ کاروباری اداروں ، شاپس وغیرہ پر دھاوے کرنے کے لیے عہدیداران محکمہ اوزان و پیمانہ جات کی جانب سے شیڈول کو قطعیت دینے کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور ان اقدامات کے ایک حصہ کے طور پر بالخصوص پٹرول بنکس اور راشن شاپس کو نشانہ بنائے جانے کا قوی امکان پایا جاتا ہے کیوں کہ راشن شاپس پر تول میں کافی فرق پائے جانے کی شکایات عام طور پر پائی جاتی ہیں

اور راشن شاپس مالکین تول میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں میں ملوث پائے جارہے ہیں لیکن بعض متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں و ملازمین کے ساتھ پائے جانے والے مبینہ ساز باز کی وجہ سے راشن شاپ مالکین کسی نہ کسی طریقہ سے بے قاعدگیوں کے واقعات سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں ۔ لیکن بعض سخت موقف اختیار کرنے والے عہدیدار ناپ تول میں مبینہ بے قاعدگیوں کے واقعات میں ملوث پائے جانے پر سخت کارروائی سے بھی ہرگز گریز نہیں کرتے ہیں ۔ اسی دوران باوثوق ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ محکمہ اوزان و پیمانہ جات کے عہدیداروں نے ریاست بھر میں ناپ تول میں بے قاعدگیوں کے پیش آنے والے واقعات پر قابو پانے اور بے قاعدگیوں کے واقعات کا انسداد کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر خصوصی مہم چلانے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ بلکہ اپنے شیڈول کو قطعیت دینے میں مصروف پائے جارہے ہیں علاوہ ازیں اسپیشل ٹیمیں تشکیل دے کر علاقہ واری اساس پر ایک ساتھ دھاوے کرنے اور ناپ تول کا معائنہ کر کے ناپ تول میں پائی جانے والی بے قاعدگیوں کا پتہ چلانے کے اقدامات کریں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے بھی اپنے مالی وسائل میں اضافہ کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر دھاوے کرنے اور معمولی نوعیت کے بے قاعدگیوں کا پتہ چلنے پر بھی سخت ترین قانونی کارروائی کرنے کی ہدایات دے چکی ہے اور ان ہدایات کی روشنی میں کسی بھی نوعیت کی اطلاع کے بغیر محکمہ اوزان و پیمانہ جات اپنی خصوصی ٹیموں کے ساتھ اچانک دھاوے کرنے کا پروگرام رکھتے ہیں ۔۔