مانسون سے قبل تکمیل کا نشانہ۔ڈیم کے تحفظ اور استحکام پر توجہ
حیدرآباد 18 مئی ( سیاست نیوز ) حکومت کی جانب سے ناگرجنا ساگر ڈیم کی سلامتی اور اس کو مستحکم رکھنے پر خاص توجہ دی جا رہی ہے ۔ انجینئر ان چیف ( آپریشنس و مینٹیننس ) بی ناگیندر راؤ نے بتایا کہ 75 کروڑ روپئے کے صرفہ سے ڈیم کو مضبوط و مستحکم بنانے کے کام کئے گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان کاموں کو ایک وقت مقرر کرتے ہوئے تکمیل کی ہدایت دی گئی تھی اور امکان ہے کہ مانسون کی آمد سے قبل ان کاموں کو مکمل کرلیا جائیگا ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ان کاموں کے مکمل ہونے کے بعد یہ ڈیم بہت مضبوط اور مستحکم رہے گا اور آئندہ30 برس تک کیلئے کسی مرمت کی ضرورت نہیں ہوگی ۔ انہوں نے بتایا کہ چونکہ یہ پراجیکٹ تلنگانہ میں واقع ہے اس لئے ریاستی حکومت نے اس کی ذمہ داری سنبھالی اور مکمل مرمتی کام انجام دئے گئے ہیں۔ ان مرمتی کاموں پر کرشنا آبی مینجمنٹگ بورڈ کے اجلاسوں میں غور کیا گیا تھا ۔ پانی رسنے کے مقامات پر مرمت کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا گیا اور ان کاموں پر جملہ 17 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ہیں۔ ان کاموں کو ماہ جون کے ختم تک مکمل کرلیا جائیگا ۔ ناگرجنا ساگر ڈیم میں پانی کا بہاؤ جولائی سے شروع ہونے کا امکان ہے تاہم سیول کام قبل از وقت ہی مکمل کرلئے جائیں گے ۔