ناگرجنا ساگر میں آزادانہ و منصفانہ رائے دہی کیلئے الیکشن کمیشن سے مداخلت کی اپیل

   

الیکشن کمشنر سے اتم کمار ریڈی کی ویڈیو کانفرنس، پولنگ مراکز پر مرکزی فورسیس کی تعیناتی کی تجویز
حیدرآباد۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے الیکشن کمیشن آف انڈیا سے فوری مداخلت کی اپیل کی تاکہ ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں برسراقتدار پارٹی کی جانب سے دھاندلیوں کو روکا جاسکے۔ انہوں نے الیکشن کمشنر راجیو کمار کو مکتوب روانہ کیا جس میں ٹی آر ایس کی جانب سے اقتدار کے بیجا استعمال اور رائے دہندوں میں رقومات کی تقسیم کی شکایت کی گئی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے الیکشن کمشنر راجیو کمار سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ کوداڑ سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کو تحریری یادداشت روانہ کی گئی ہے۔ ویڈیو کانفرنس میں اتم کمار ریڈی نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی مداخلت کے بغیر آزادانہ و منصفانہ انتخابات ممکن نہیں ہیں۔ برسراقتدار پارٹی دولت اور شراب تقسیم کررہی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کوویڈ 19 گائیڈ لائنس کی خلاف ورزی کی جارہی ہے جس کے نتیجہ میں کورونا کے پھیلنے کا اندیشہ ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے 14 اپریل کے جلسہ میں ہزاروں افراد کو جمع کرنے کی تیاریاں ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے ناگر جنا ساگر اسمبلی حلقہ سے تمام غیر مقامی افراد کو واپس جانے کی ہدایت کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کے غیر مقامی قائدین سینکڑوں گاڑیوں کے ساتھ انتخابی مہم چلارہے ہیں اور انتخابی مبصرین خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے انتخابی ضابطہ اخلاق اور کورونا قواعد پر سختی سے عمل آوری کے علاوہ سنٹرل فورسیس کی تعیناتی اور گاڑیوں کی بڑے پیمانے پر تلاشی کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ مراکز پر مرکزی فورسیس کو تعینات کرتے ہوئے برسراقتدار پارٹی کی انتخابی دھاندلیوں کو روکا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ گریجویٹ ایم ایل سی انتخابات میں ٹی آر ایس نے دھاندلیوں کے ذریعہ کامیابی حاصل کی ہے۔ ناگرجنا ساگر میں کابینی وزراء ، ارکان پارلیمنٹ، ارکان مقننہ، 189 گرام پنچایتوں میں مہم چلارہے ہیں اور کھلے عام قواعد کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ تلنگانہ کے چیف الیکٹورل آفیسر، جوائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر اور ضلع کے عہدیدار برسراقتدار پارٹی کے خلاف کارروائی سے گریز کررہے ہیں۔