مشرف فاروقی نے عہدیداروں کے ساتھ گاؤں کا دورہ کیا
حیدرآباد۔/10 ستمبر، ( سیاست نیوز) ناگرکرنول ضلع کا کونڈہ ریڈی پلی گاؤں تلنگانہ کا پہلا ماڈل سولار ولیج بن جائے گا جہاں شمسی توانائی سے روشنی کی جائے گی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کونڈہ ریڈی پلی گاؤں کو ماڈل سولار ولیج بنانے کی کوششوں پر برقی عہدیداروں کی مساعی کو سراہا۔ تلنگانہ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر مشرف فاروقی ( آئی اے ایس ) نے کلکٹر ناگرکرنول بی سنتوش ( آئی اے ایس )، ریڈکو کے نائب صدرنشین ومنیجنگ ڈائرکٹر انیلا ، کمپنی ڈائرکٹر کے راملو اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ گاؤں کا دورہ کیا اور مقامی افراد بالخصوص کسانوں اور مجالس مقامی کے نمائندوں سے بات چیت کی۔ عہدیداروں نے گاؤں والوں کو شمسی توانائی کے پائیلٹ پراجکٹ کی تفصیلات سے واقف کرایا اور کہا کہ یہ پنچایت تلنگانہ کی پہلی ماڈل سولار پنچایت ہوگی جہاں سولار برقی کا استعمال ہوگا۔ گاؤں میں1451 برقی صارفین ہیں جن میں 499 گھریلو صارفین، 66 کمرشیل اور 867 زرعی صارفین ہیں۔ پائیلٹ پراجکٹ پر عمل آوری کیلئے گھر گھر سروے کا آغاز کیا گیا۔ سروے رپورٹ کی بنیاد پر تفصیلی پراجکٹ رپورٹ تیار کی جائے گی اور گاؤں کی ضرورت کے مطابق سولار پاور کے آلات نصب کئے جائیں گے۔ پراجکٹ کی تکمیل پر یہ تلنگانہ کا پہلا گاؤں بن جائے گا جہاں تمام برقی ضرورتوں کی تکمیل شمسی توانائی سے کی جائے گی۔1