ناگول فلائی اوور افتتاح کے لیے تیار

   


حیدرآباد ۔ 20 ۔ ستمبر ( سیاست نیوز ) اسٹریٹجک روڈ ڈیولپمنٹ پروگرام (SRDP) کے تحت شروع کیا گیا ایک اور فلائی اوور افتتاح کیلئے تیار ہے ۔ 212.58 کروڑ روپئے لاگت سے تعمیر کیا گیا 990 میٹر طویل ناگول فلائی اوور تقریبا تیار ہے اور اس کا افتتاح اس ماہ کے ختم تک ہوگا ۔ اس نئے فلائی اوور سے موٹر گاڑی والوں کو سگنل کی رکاوٹ کے بغیر اپل سے ایل بی نگر اور ایل بی نگر سے اپل جانے آنے میں بڑی سہولت اور آسانی ہوگی ۔ اس سے اپل سے چندرائن گٹہ کی طرف ٹریفک کے بہاؤ میں بھی آسانی ہوگی اور اس سے سفر کے وقت میں کمی ہوگی ۔ اس نئے فلائی اوور سے اپل ، ای سی آئی ایل ، یادادری بھونگیر اور ورنگل جانے والوں کو آسانی ہوگی ۔ ایس آر ڈی پی کے تحت گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) نے مختلف انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کے کام شروع کئے جیسے فلائی اوورس ، آر اوبیز ، آر یو بیز ، انڈر پاسیس ، سلپ روڈس وغیرہ کی تعمیر ۔ ناگول فلائی اوور کی تعمیر کیلئے 143.58 کروڑ روپئے حصول اراضی ، یوٹیلیٹی شفٹنگ و دوسرے کاموں کیلئے خرچ کئے گئے اور 69 کروڑ روپئے تعمیراتی کاموں پر ۔ 24 میٹر چوڑا یہ 6 لین فلائی اوور دو رخی ہے ۔