نبی اکرمﷺ کی ذات گرامی ساری انسانیت کیلئے نعمت عظمیٰ

   

Ferty9 Clinic

اعتدال پسندی حیات طیبہ کا تابناک پہلو، بیدر میں جلسہ ، ڈاکٹر مفتیہ رضوانہ زریں اور دیگر کا خطاب

بیدر ۔ مدرسہ فیضان جمال مصطفی ﷺ للبنات بیدر میں جلسہ رحمتہ للعالمین ﷺ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مفتیہ رضوانہ زرین پرنسپل و شیخ الحدیث جامعتہ المومنات نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ افضل الانبیاء اور افضل البشر ہیں ۔ کیونکہ آپ خاتم المرسلین ہی نہیں بلکہ اللہ تعالی نے آپ کے ذریعہ دین کو مکمل فرمایا ہے ۔ حضور ﷺ کا انقلاب تاریخ کا سب سے منفرد انقلاب ہے جس نے دنیا کی سیاست ، معاشرت اور معیشت کو بدل دیا ۔ آپ ﷺ کا نام آسمانوں میں زمینوں میں محمد رکھا گیا یعنی بار بار تعریف کیا جانے والا ۔ حضور ﷺ کی ذات گرامی ساری انسانیت کے حق میں نعمت عظمی ہے ۔ حضور ﷺ کی حیات طیبہ کا ایک درخشاں تابناک پہلو توازن و اعتدال پسندی ہے ۔ آپ ﷺ آغاز شباب ہی سے امن پسند صلح جو اور حق کے طرف دار تھے ۔ آپ ﷺ نے اخوت ، رحم ، سخاوت ، شجاعت اور شرم و حیاء تقوی و پرہیز گاری کے پیغام کو عام کیا۔ ڈاکٹر مفتیہ ناظمہ عزیز مومناتی شیخ الفقہ و صدر مفتیہ جامعتہ المومنات نے کہا کہ حضور ﷺ نے اخوۃ واری محبت اور اخلاقیات اور مساوات کا پیغام دیا ہے ۔ اس لئے والدین کو چاہئے کہ وہ اپنی اولاد لڑکے اور لڑکیوں کے درمیان مساوات کریں، لڑکوں کو بھی لڑکیوں کی طرح دین داری سکھلائیں کہ کس طرح لڑکے پر ماں ، بہن ، بیوی بیٹی اور دیگر رشتے داروں کے حقوق ہوتے ہیں ۔ حضور ﷺ نے فرمایا میرے صحابہ ستاروں کے مانند ہیں جس کسی کی اقتداء کروگے ہدایت یافتہ ہوجاؤ گے ۔ رسول عربی ﷺ نے خواتین کے حقوق مختص فرمائے ۔ ان کو تعلیم ، میراث ، نکاح ، خلع ، فسخ نکاح ، انتخاب ، شوہر جیسے حقوق عطا کئے اور عشق مصطفی ﷺ کا تقاضہ ہے کہ تعلیمات رسول ﷺ پر عمل پیرا ہوجائیں ۔ صحابہ کرام وہ ذات بابرکت ہیں جنہوں نے آپ کے اسوہ حسنہ کو اپنی زندگی کا شعار بنایا ۔ جلسہ کا آغاز حافظ محمدی زرین رومانہ کی قرات ، قاریہ شفا ناز عطاریہ کی نعت شریف سے ہوا ۔ مفتیہ ناز محمدی ، مفتیہ فرحین فاطمہ ، مفتیہ عظمی سلطانہ نے خطاب کیا ۔ محترمہ قاریہ کنیز فاطمہ جلسہ کے انتظامات کئے ۔ دعا و سلام پر جلسہ کا اختتام عمل میں لایا گیا ۔