نتائج کے چار ماہ مکمل ہونے کے باوجود دسویں جماعت کے لانگ میمو کی عدم اجرائی

   


اسکالرپشس کی درخواستیں داخل کرنے میں طلبہ کو مشکلات، 10 دن میں جاری کرنے امتحانی شعبہ کے ڈائرکٹر کا اعلان
حیدرآباد ۔ 5 نومبر (سیاست نیوز) دسویں جماعت کے امتحانات کے نتائج جاری ہونے کے چار ماہ مکمل ہونے کے باوجود حکومت کی جانب سے ابھی تک طلبہ کیلئے لانگ میمو جاری نہیں کیا گیا، جس سے مختلف کورسیس میں داخلہ لینے والے طلبہ لانگ میمو کی اجرائی کے منتظر ہے۔ جاریہ سال 23 مئی سے یکم ؍ جون تک حکومت نے دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا انعقاد کیا۔ 30 جون کو نتائج جاری کردیئے گئے۔ تقریباً 4.53 لاکھ طلبہ کامیاب ہوئے۔ فیل ہونے والے طلبہ کیلئے یکم تا 10 اگست تک سپلیمنٹری امتحانات کا انعقاد کیا گیا اور سپلیمنٹری امتحانات کے بھی یکم ؍ ستمبر کو نتائج جاری کئے گئے جس میں 38 ہزار طلبہ کامیاب ہوئے۔ اس طرح سالانہ اور سپلیمنٹری امتحانات میں تقریباً 4.91 لاکھ طلبہ نے کامیابی حاصل کی۔ تاہم محکمہ تعلیم نے ان طلبہ کیلئے تاحال لانگ میمو جاری نہیں کئے۔ کامیاب ہونے والے طلبہ کیلئے فوری شارٹ میمو جاری کیا جاتا ہے جس کی بنیاد پر انٹر کے علاوہ دوسرے کورسیس میں داخلہ لینے میں طلبہ کو سہولت ہوتی ہے۔ تھوڑے دن کے بعد لانگ میمو جاری کیا جاتا ہے۔ اس سال ابھی تک لانگ میمو کی اشاعت کا کام مکمل نہیں ہوا ہے۔ بیشتر طلبہ کو اسکالر شپس کی درخواستیں داخل کرتے وقت انہیں دسویں جماعت کے میمو کی ضرورت پڑتی ہے۔ لانگ میمو کی عدم اجرائی سے طلبہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ریاستی امتحانی شعبہ کے ڈائرکٹر کرشنا راؤ نے کہا کہ آئندہ 10 دن میں طلبہ کو دسویں جماعت کا لانگ میمو جاری کردیا جائے گا۔ سپلیمنٹری امتحانات کے ری ویفرلیفکشن، مارکس کی جانچ وغیرہ میں تاخیر ہونے کی وجہ سے لانگ میمو کی اشاعت میں تھوڑی تاخیر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لانگ میمو کی اجرائی کیلئے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔ طلبہ اپنے اپنے اسکولس سے لانگ میمو حاصل کرسکتے ہیں۔ن