پٹنہ: بہار جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے صدر امیش سنگھ کشواہا نے کہا ہے کہ ریاست وزیر اعلی نتیش کمار کی حکومت میں صنعتی ترقی کی نئی اڑان بھر رہی ہے ۔جمعرات کو جاری ایک بیان میں کشواہا نے کہا کہ مسٹر کمار نے اپنے دور اقتدار میں اچھی حکمرانی کے ساتھ ساتھ بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرکے ریاست میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول قائم کیا ہے ، جس کا خوشگوار نتیجہ یہ ہے کہ آج ہمارا بہار صنعتی ترقی کی نئی اڑان بھر رہا ہے ۔ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر کشواہا نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران بہار میں 2300 سے زیادہ چھوٹے اور بڑے صنعتی یونٹس قائم ہوئے ہیں جن کے ذریعے تقریباً 70 ہزار لوگوں کو براہ راست روزگارسے جوڑا گیا ہے ۔ صنعت دوست پالیسیاں، بہتر بنیادی ڈھانچہ، ہنر مند افرادی قوت، بہترین سڑک کنیکٹیویٹی اور بلاتعطل بجلی کی فراہمی کی دستیابی نے بہار کو سرمایہ کاروں کی پہلی پسند بنا دیا ہے ۔جے ڈی یو صدر نے کہا کہ گزشتہ سال دسمبر میں منعقدہ بہار بزنس کنیکٹ میں سرمایہ کاروں کے ساتھ تقریباً ایک لاکھ 81 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی تجاویز پر دستخط کیے گئے ہیں۔