نتیش کمار ‘ نئی ذمہ داریاں

   

Ferty9 Clinic

لے کے داغ آئے گا سینے پہ بہت اے سیاح
دیکھ اس شہر کی گلیوں میں نہ جانا ہرگز
نتیش کمار ‘ نئی ذمہ داریاں
بہا ر میں نئی حکومت کی تشکیل عمل میں آچکی ہے ۔ ریاست میں انتخابی عمل ایک طرح سے اپنے منطقی انجام کو پہونچا ۔ پرچہ نامزدگیوں کا ادخال ‘ انتخابی مہم ‘ رائے دہی ‘ رائے شماری اور نتائج کے اعلان کے بعد آج حکومت کی تشکیل بھی عمل میں آگئی ۔ نتیش کمار نے بہار کے چیف منسٹر کی حیثیت سے ریکارڈ 10 ویں مرتبہ حلف لیا ہے ۔ ہندوستان میں یہ اعزاز شائد ہی کسی چیف منسٹر کو حاصل ہو کہ اس نے ایک ریاست کے چیف منسٹر کی حیثیت سے 10 مرتبہ حلف لیا ہو ۔ اس بار کی نتیش کمار کی کامیابی توقعات سے کافی زیادہ اور اہمیت کی حامل کہی جاسکتی ہے ۔ حالیہ انتخابات میں نتیش کمار نے اپنا اور اپنی پارٹی کا موقف کمزور ہونے کا جو تاثر تھا اسے بھی بدل کر رکھ دیا ہے ۔ حالانکہ لوک سبھا انتخابات میں ان کی پارٹی کو جو نشستیں ملی تھیں ان سے بھی جے ڈی یو کی طاقت کا پتہ چلتا تھا تاہم اسمبلی انتخابات میںکئی گوشوں سے یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ نتیش کمار کا موقف کمزور ہوگیا ہے اور بی جے پی ان پر اپنی مرضی مسلط کرتے ہوئے کام چلا رہی ہے ۔ اس کے علاوہ یہ تاثر بھی دیا جا رہا تھا کہ نتیش کمار اس بار کے انتخابات کے بعد چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز نہیں ہو پائیں گے اور بی جے پی انہیں مہاراشٹرا فارمولے پر عمل کرتے ہوئے حاشیہ پر لا کھڑا کردے گی ۔ تاہم نتیش کمار نے ان تمام توقعات اور امکانات کو غلط ثابت کردیا ہیا ور جنتادل یونائیٹیڈ نے 85 نشستیں حاصل کرتے ہوئے اپنی طاقت کا لوہا منوالیا ہے ۔ ان کی کامیابی توقعات کے برعکس کہی جارہی تھی تاہم یہ ایک اٹل حقیقت ہے کہ نتیش کمار نے یہ ثابت کردیا کہ بہار کی سیاست آج بھی ان کے ارد گرد ہی گھومتی ہے ۔ اب نتیش کمار چونکہ حلف لے چکے ہیں اس لئے ان پر ریاست کی نئی ذمہ داریاں عائد ہوگئی ہیں۔ حالانکہ نتیش کمار دو دہوں سے یہ ذمہ داریاں سنبھالے ہوئے ہیں لیکن اس بار جو ذمہ داریاں عائد ہوئی ہیں وہ اس لئے بھی نئی کہی جاسکتی ہیں کیونکہ سارے ملک میں بہار کی حالت زار کے تعلق سے عوام میں فکر پائی جا رہی تھی ۔ ملک بھر کے عوام یہ دیکھناچاہتے ہیں کہ نتیش کمار بہار کی حالت کو بدلنے کیلئے کیا کچھ کرتے ہیں۔
اس بار کے انتخابات کیلئے جو مہم چلائی گئی تھی اس کے تعلق سے کہا جاسکتا ہے کہ وہ انتہائی جارحانہ مہم تھی ۔ آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے عوامی مسائل کو موضوع بنانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی تھی ۔ خود بہار کے عوام کے سامنے بھی اب بہار کی نئی صورت گری جیسے امور ہیں۔ بہار کے عوام بھی اب سمجھنے لگے ہیں کہ ریاست میں مثبت تبدیلی لائی جانی چاہئے ۔ نتیش کمار اور بی جے پی نے بہار کے عوام سے جو کچھ بھی وعدے کئے تھے ان کی تکمیل کو اب زیادہ توجہ کے ساتھ پرکھا جائے گا ۔ جس طرح بہار کے عوام نے جے ڈی یواور بی جے پی کے حق میں ووٹ دیا ہے اسی طرح وہ ریاست کی ترقی کے اقدامات اور منصوبوں پر بھی نظر رکھیں گے ۔ بہار کے عوام کو یہ امید اب بھی تھی کہ نتیش کمار ریاست کی حالت کو بدلنے کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کریں گے ۔ اس کے علاوہ بی جے پی نے بھی مرکز سے جوکچھ ممکن ہوسکتا ہے تعاون فراہم کرنے کا تیقن دیا تھا ۔ ڈبل انجن سرکار کے انتخاب کے بعد بہار کے عوام کی امیدیں بھی دوگنی ہوگئی ہیں اور نتیش کمار کو دوگنی مستعدی کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہوگی ۔ جو وعدے بہار کے عوام سے کئے گئے تھے اور ان کو جو تیقنات دئے گئے تھے ان کی تکمیل کا وقفہ وقفہ سے جائزہ لیا جاتا رہے گا اور سابق کی طرح وعدے کرکے فراموش کردینے کی روش بہار کی حالت کو بدلنے میں معاون ثابت نہیں ہوگی ۔ جو عوامی تائید این ڈی اے کو ملی ہے اس کا تقاضہ یہی ہے کہ بہار کی نئی صورت گری کیلئے نئی مستعدی کے ساتھ کام کیا جائے ۔
نتیش کمار اور ان کی کابینہ نے آج حلف لے لیا ہے ۔ حلف برداری تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی ‘ وزیر داخلہ امیت شاہ اور بی جے پی اور اس کی حلیف جماعتوں کے چیف منسٹروں کی شرکت بھی اہمیت کی حامل کہی جاسکتی ہے ۔ اس کے ذریعہ یہ پیام دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ مرکزی و ریاستی حکومت ایک رفتار سے کام کریں گے ۔ بہار کے عوام نے جن توقعات سے نتیش کمار کو منتخب کیا ہے ان کو پورا کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی جانی چاہئے ۔ بہار کے عوام کو بھی ترقی سے ہمکنار کرنے کی ضرورت ہے ۔ ریاست کو ملک کی دوسری ریاستوں کے برابر اور شانہ بہ شانہ لا کھڑا کرنے اقدامات کئے جانے چاہئیں۔