خاتون ڈاکٹر کا حجاب ہٹانا شرمناک ، صدر ضلع کانگریس خالد سیف اللہ کا بیان
حیدرآباد ۔ 17۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر سید خالد سیف اللہ نے چیف منسٹر بہار نتیش کمار کی جانب سے خاتون ڈاکٹر کے حجاب کو جبراً ہٹانے پر سخت تنقید کی ۔ پٹنہ میں منعقدہ تقریب میں نتیش کمار نے ایک مسلم ڈاکٹر کو احکام تقرر حوالے کرنے کے بعد حجاب ہٹانے کی کوشش کی او انتہائی شرمناک اور بدبختانہ ہے چیف منسٹر نے اس غیر دستوری عمل کے ذریعہ خواتین کی توہین کی ہے ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سیف اللہ کہا کہ یہ کوئی معمولی واقعہ نہیں بلکہ خواتین کے حقوق پر راست حملہ ہے۔ دستور ہند خواتین کو ان کی مرضی کے مطابق لباس پہننے کی دفعہ 21 کے تحت اجازت دیتا ہے ۔ صدر ضلع کانگریس حیدرآباد نے کہا کہ نتیش کمار کی اس حرکت نے نہ صرف ایک مذہب بلکہ سارے ملک کی ماں اور بہنوں میں تشویش پیدا کردی ہے۔ چیف منسٹر نے اپنے اختیارات کا بیجا استعمال کرتے ہوئے خواتین کے حقوق میں مداخلت کی کوشش کی ہے۔ خالف سیف اللہ نے چیف منسٹر نتیش کمار کے خلاف فوری کارروائی اور قومی ویمنس کمیشن سے مداخلت کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار کے خلاف 20 ڈسمبر کو سہ پہر 4 بجے پرامن احتجاج منظم کیا جائے گا۔ پولیس سے اجازت حاصل کرنے کے بعد مقام کا اعلان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ احتجاج کسی سیاسی پارٹی کے خلاف نہیں بلکہ خواتین کے احترام کو پامال کرنے کی کوشش پر ناراضگی کا اظہار ہے۔ انہوں نے عوام سے کثیر تعداد میں شرکت کی اپیل کی۔1
