نربھئے کیس :چاروں مجرمین کو 3 مارچ کو پھانسی

   

نئی دہلی ۔ 17 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام)دہلی کی عدالت نے نربھئے کیس کے چاروں مجرمین کو پھانسی کی سزا دینے کے لئے تازہ بلیک وارنٹ جاری کیا ہے جس کے تحت 16 ڈسمبر 2012ء کے نربھئے واقعہ کے چاروں مجرمین کو 3 مارچ کی صبح 6 بجے پھانسی پر لٹکایا جائے گا ۔ ایڈیشنل سیشن جج دھرمیندر رانا نے چاروں مجرمین مکیش کمار سنگھ (32)، پون گپتا (25) ، ونئے کمار شرما (26) اور 31 سالہ اکشے کمار کے خلاف پھانسی کی سزا کا نیا وارنٹ جاری کیا ہے ۔ دہلی کی عدالت میں آج نربھئے کے والدین اور دہلی حکومت کی درخواست کی سماعت ہوئی جس میں انھوں نے نربھئے کیس کے مجرمین کی پھانسی کی سزا پر عمل آوری کیلئے تازہ وارنٹ جاری کرنے کی اپیل کی ہے ۔ سپریم کورٹ نے مجرمین کی پھانسی کی سزا پر عمل آوری کیلئے تازہ وارنٹ جاری کرنے تحت کی عدالت سے رجوع ہونے کا حکام کو اختیار دیدیا ہے ۔ قبل ازیں نربھئے کیس کے مجرمین کو پھانسی کی سزا دینے کی تاریخ 22 جنوری مقرر کی گئی تھی جس کے بعد مجرمین کو اپنے قانونی اختیارات کا استعمال کرنے کی مہلت دیتے ہوئے پھانسی کی سزا کو یکم فبروری تک ملتوی کیا گیا تھا۔ تحت کی عدالت نے 31 جنوری کو پھانسی کی سزا پر عمل آوری کو تاحکم ثانی التواء جاری کردیا تھا ۔ نربھئے کیس کے چاروں مجرمین تہاڑ جیل میں ہیں ۔ آج عدالت کی کارروائی کے دوران مجرم مکیش کمار سنگھ نے کہاکہ وہ نہیں چاہتا کہ ایڈوکیٹ ورندا گروور اس کی وکالت کرے جس کے بعد عدالت نے ایڈوکیٹ روی قاضی کا تقرر کیا تھا ۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ونئے کمار تہاڑ جیل میں بھوک ہڑتال پر ہے ۔ ونئے کمار پر جیل میں حملہ کیا گیا اور اس کے سر پر زـخم ہیں ۔ اس کے وکیل نے بتایا کہ وہ ذہنی بیماری کا شکار ہے ۔