نربھئے کیس کی سماعت سے جسٹس بوبڈے علحدہ

   

نئی دہلی17دسمبر(سیاست ڈاٹ کام )سپریم کورٹ کے چیف جسٹس شرد اروند بوبڈے نے دارالحکومت نئی دہلی میں نربھئے گینگ ریپ کے مقدمے کے مجرم اکشے کی نظر ثانی کی عرضی کی شنوائی سے خود کو علحدہ کر لیا۔ جسٹس بوبڈے ، جسٹس آر بھانومتی اور جسٹس اشوک بھوشن کی خصوصی بنچ نے جیسے ہی سماعت شروع کی، چیف جسٹس بوبڈے نے سامنے رکھی فائل اٹھائی اور گزشتہ حکم پڑھنا شروع کیا۔ ان کی نظر ایک جگہ رک گئی اور انہوں نے اپنی بائیں جانب بیٹھے جسٹس بھوشن سے مشورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مقدمے میں ان کے بھتیجے ارجن بوبڈے نے متاثرہ کے اہل خانہ کی پیروی کی تھی۔ اگرچہ سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے کہا کہ انھیں کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن جسٹس بوبڈے نے خود کو علحدہ کرلینے کا فیصلہ کیا۔