نرساپور میں اوقافی جائیدادوں کی تباہی پر عوام میں تشویش

   

Ferty9 Clinic

غیر مجاز قبضوں کے باوجود وقف بورڈ کی خاموشی اور ریونیو حکام کی مجرمانہ غفلت لمحہ فکر

نرساپور ۔ نرساپور ٹاون میں کروڑہا روپئے قیمتی اوقافی جائیدادوں پر جاری ناجائز قبضوں پر خاموشی وقف بورڈ اب ایک اور مسلم جائیداد اور مسلم شادی خانہ کی تباہی کا بھی ذمہ دار مانا جارہا ہے ۔ مقامی عوام میں مسلم شادی خانہ نرساپور کی خستہ حالی اور بدلتے حالات پر تشویش پائی جاتی ہے ۔ نرساپور میں اوقافی جائیدادوں اور مسلم شادی خانہ کی بدحالی ، عیدگاہ کی عدم حصار بندی ، ابو صاحب درگاہ سے متصل اوقافی جائیدادوں کی تباہی کیلئے مقامی عوام وقف بورڈ کو ذمہ دار مانتی ہے اور عوامی ٹی آر ایس اقلیتی قائدین سے سوال کر رہی ہیں کہ علحدہ ریاست تلنگانہ میں اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور اختیارات کے وعدے کہاں گئے ۔ برسوں سے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے جدوجہد کر رہے قائدین کی قربانیوں کو بھی نظر انداز کردیا گیا اور ریونیو حکام کی مجرمانہ غفلت بھی اوقافی جائیدادوں کی تباہی میں معاون ثابت ہو رہی ہے ۔ مسلم شادی خانہ نرساپور کے وسیع و عریض رقبہ پر عالیشان سہولیات فراہم کرتے ہوئے ایک مثالی نمونہ تیار کیا جاسکتا ہے ۔ لیکن اس جانب کسی قسم کے کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں ۔ حالانکہ نرساپور میں اقلیتی قائدین اقتداری خطرات سے وابستہ ہونے کے علاوہ اثر و رسوخ بھی رکھتے ہیں ۔ شادی خانہ اورا س سے متصل ملگیات کی موثر نگرانی کرنے والا کوئی نہیں ۔ مقامی مسلمانوں کا کہنا ہے کہ نرساپور کی اوقافی جائیدادوں کے متعلق اگر انتظامی کمیٹی تشکیل دی جاتی ہے تو پھر کافی حد تک اوقافی جائیدادوں کا تحفظ اور اس کی ترقی یقینی ہوگی ۔