گٹکھا جیسی زہریلی اشیاء کا استعمال نہ کرنے نوجوانوں کو ضلع ایس پی کا مشورہ
نرمل۔/28 جولائی، ( جلیل ازہر ) مستقر نرمل میں پھر ایک بار بھاری مقدار میں غیر قانونی گٹکھا پولیس نے ضبط کیا۔ آج نرمل پولیس اسٹیشن میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نرمل ضلع ایس پی نے بتایا کہ پولیس کی خصوصی پارٹیوں کے ذریعہ ملی اطلاع پر پولیس نے چوراستہ نرمل کے ایک ٹرانسپورٹ پر دھاوا کرتے ہوئے بھاری مقدار میں غیر قانونی گٹکھا ضبط کرلیا جس کی مالیت 7 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔ دلچسپ پہلو یہ ہے کہ گزشتہ ہفتہ بھی پانچ لاکھ روپئے کا غیرقانونی گٹکھا ضبط کیا گیا تھا جو ہیرا پان شاپ نرمل کے مالک رفیق نے ہی بنگلور سے منگوایا تھا۔ نئی نسل اس گٹکھے کی عادی ہوتے ہوئے قسطوں میں موت کی نیند سورہی ہے۔ جبکہ ضلع ایس پی نرمل مسٹر سی ششی دھر راجو نے خصوصی پولیس ٹیموں کی تشکیل دیتے ہوئے نرمل و اطراف واکناف کے علاقہ میں قریب ایک کروڑ روپئے سے زائد مالیت کا گٹکھا ضبط کیا ہے جس میں کئی مرتبہ ہیرا پان شاپ کے مالک رفیق کے پاس ہی سے ذخیرہ بنگلور سے آتا ہے جبکہ کئی بار رفیق پولیس کی گرفت میں آچکا ہے اس بار پولیس نے ہیرا پان شاپ پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ ضلع ایس پی مسٹر ششی دھر راجو نے کہا کہ یہ زہر ہے اور کئی نوجوان اس کے عادی ہورہے ہیں جس کی منزل موت کے سوا کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل کو مشورہ دیا کہ وہ ایسی چیزوں کے استعمال سے گریز کریں اور تاجرین بھی محنت و مشق سے پیسہ کمانے کیلئے جائز کاروبار کی طرف توجہ دیں۔ ضلع ایس پی نے ذمہ دار شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس طرح کے تاجرین کی اطلاع محکمہ پولیس کو فون پر دیں ، فون کرنے والوں کے نام کو راز میں رکھا جائے گا اور پولیس کوئی بھی غیرقانونی کام کرنے والوں کو قطعی نہیں بخشے گی کیونکہ قانون سب کے لئے برابر ہے اس لئے کہ قانون کسی کا مقام یا رتبہ نہیں دیکھتا۔ واضح رہے کہ ضلع ایس پی مسٹر سی ششی دھر راجو کی خصوصی دلچسپی کے سبب نرمل جیسے مقام پر صرف چھ ماہ میں ایک کروڑ سے زائد غیرقانونی گٹکھے کی ضبطی ایک کارنامہ ہے ۔ انہوں نے اس ضمن میں سخت سے سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے اور پولیس کی خصوصی ٹیموں کو متحرک کردیا ہے۔