ریاستی وزیر اندرا کرن ریڈی کی بعد نماز جمعہ مصلیوں سے ملاقات
نرمل ۔ 28 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر جنگلات اے اندرا کرن ریڈی، مدہول رکن اسمبلی وٹھل ریڈی صدر نشین بلدیہ نرمل جی ایشور، ریاستی حج کمیٹی کے رکن محمد نذیر الدین کے ہمراہ نرمل کے قائدین کی ایک ٹیم منوگوڑ ضمنی انتخاب میں بڑے پیمانہ پر ٹی آر ایس امیدوار کی کامیابی کے لئے مہم میں مصروف ہیں۔ آج اس اسمبلی حلقہ کی ایک مسجد کے پاس جمعہ کے پیش نظر وزیر موصوف نے بعد نماز جمعہ مصلیوں سے فرداً فرداً ملاقات کرتے ہوئے ٹی آر ایس امیدوار کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ ریاستی وزیر اے اندرا کرن ریڈی نے بتایا کہ منوگوڑ کے عوام اس بات سے مطمئن ہیں کہ ریاست تلنگانہ کی ترقی صرف اور صرف ٹی آر ایس سے ہی ممکن ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی صرف دولت اور سیاسی طاقت کا غلط استعمال کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی ایک ناکام کوشش کررہی ہے۔ عوام خود اس جماعت کو اچھا سبق سکھائیں گے ۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ آج سارا ملک مرکز کی نفرت والی سیاست سے بیزار ہے جس کو غریب عوام سے زیادہ سرمایہ داروں کی فکر ہو وہ کیا عوامی خدمت کرسکتی ہے۔ یہ ملک امن کا گہوارہ ہے اس کی بنیاد سیکولرازم پر رکھی گئی ہے۔ 8 برسوں میں عوام نے دیکھ لیا کہ گیس سے لیکر پٹرول کی قیمت کا کیا حال ہے۔