نریندر مودی اور امیت شاہ کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے

   


سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری سامبا سیوا راؤ کا مطالبہ
حیدرآباد ۔4 ۔ نومبر (سیاست نیوز) سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری کے سامبا سیوا راؤ نے ارکان اسمبلی خریدی معاملہ میں وزیراعظم نریندر مودی ، وزیر داخلہ امیت شاہ اور بی جے پی صدر جے پی نڈا کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سامبا سیوا راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے اسکام سے متعلق جو ویڈیو جاری کیا ہے ، اس میں وزیراعظم اور دیگر شخصیتوں کے ملوث ہونے کا واضح ثبوت موجود ہے ، لہذا ثبوت کی بنیاد پر ان دنوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ کو اس معاملہ میں از خود کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ کی ہدایت دینی چاہئے ۔ سامبا سیوا راؤ نے کہا کہ غیر بی جے پی حکومتوں کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کی گئی ہے۔ 8 ریاستوں میں بی جے پی نے عوامی منتخب حکومتوں کو زوال سے دوچار کردیا اور مزید چار ریاستیں بی جے پی کے نشانہ پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن ریاستوں کو بی جے پی نے نشانہ پر رکھا ہے، وہاں کی ہائیکورٹس کو چاہئے کہ وہ ویڈیو کی بنیاد پر ا ز خود کارروائی کریں۔ سی پی آئی قائد نے کہا کہ ہر جمہوریت پسند شخص کو بی جے پی کی اس سازش کے خلاف آواز بلند کرنی چاہئے ۔ر